زرداری کا تحریک چلانے والا پاسورڈ گم ہوچکا ہے۔ شیخ رشید


لاہور(ویب ڈیسک)  وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہےکہ آصف زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز ہی اڑا ہوا ہے اور ان کا پاس ورڈ گم ہوگیا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے اپنی وزارت پر بھی بات کی اورسیاسی چوکے چھکے بھی مارے، انھوںنے بتایا کہ ریلوے کی تمام اراضی کو کمپیوٹرائزڈ کردیا ہے، اب موبائل فون پر دیکھا جا سکے گا کس نے کرایہ دیا کس نے نہیں دیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے اپنے اخراجات کم کرکے 2.4 ارب روپے کمائے ہیں، ملک میں مزید فریٹ اور مسافر ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، لاہور سے کراچی نان اسٹاپ ٹرین جناح ایکسپریس چلائی جائے گی جو وی آئی پی ہوگی۔

سیاسی ماحول پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ زرداری کا تحریک چلانے والا فیوز ہی اڑا ہوا ہے، ان کا پاس ورڈ گم ہوچکا ہے۔

شیخ رشید آغا سراج درانی کی گرفتاری کی بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی گرفتاری کا بول گئے تاہم صحافی کے بتانے پر انہوں نے تصحیح کی اور کہا کہ سراج درانی کی گرفتاری پر سندھ میں ایک مکھی نے بھی پر نہیں مارا۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے سوا کسی کو ڈیل یا ڈھیل کی بات کرتے نہیں دیکھا، نوازشریف اقتدار سے اترتے ہی بیمار ہوجاتے ہیں، نوازشریف کو کھلی ہوا چاہیے، لال حویلی کی چھت کھلی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان لوگوں کو ایسی ایسی بیماری نکلتی ہے جس کا پاکستان میں کوئی علاج نہیں صرف برطانیہ میں ہی ہوتا ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھاکہ ان لوگوں نے چالیس سال ملک پر قبضہ کیےرکھا، عجیب فیشن ہے زرداری کہتے ہیں میرا کیس کراچی میں چلاؤ اور نوازشریف کہتے ہیں لاہور میں چلاؤ، اس کے پیچھے کچھ تو وجہ ہوگی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میں میرا کوئی مخالف نہیں، عمران خان میرا بھائی ہے اور پی ٹی آئی والے بچے ہیں، صرف عمران ہی پی ٹی آئی ہے۔

وزیر ریلوے نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ میں پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے ممبر ہوں جس کا نوٹی فکیشن جاری ہوچکا ہے، جس دن چاہوں گا پی اے سی میں چلا جاؤں گا۔

چیئرمین پیپلزپارٹی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ بلاول سے صلح ہوگئی ہے، میڈیا ہر بار میری ان سے لڑائی کرانا چاہتا ہے لیکن بلاول نے معافی مانگ لی ہے تو بات ختم۔

پاک بھارت کشیدگی پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھاکہ مودی آر ایس ایس کا شوٹر ہے، وہ چار ریاستوں میں الیکشن ہارنے کے بعد پاکستان سے پنگا لینے کی کوشش کررہا ہے، مودی نے 70 فیصد تک جنگ کے چانس پیدا کیے ہیں، اگر بھارت نے حملہ کیا تو یکمشت تمام قرضے چکا دیں گے۔

Comments are closed.