راولپنڈی،سدرن او ر سینٹرل کی جیت، خوشدل اور خرم کی سنچریاں

فوٹو: پاکستان کرکٹ بورڈ

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام)نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ کے دوسرے مرحلے کے دوسرے میچ میں سدرن پنجاب نے تاریخی کامیابی حاصل کی اور سندھ کی ٹیم کو دو وکٹوں سے ہرا دیا، کھیل کی خاص بات خوشدل خان کی35بالز پر سنچری تھی، دلبر خان نے آخری اوورز میں میچ فنش کیا۔

راولپنڈی میں دوسرا میچ سندھ اور سدرن پنجاب کے درمیان کھیلا گیا ،ذیشان مسعود نے ٹاس جیت کر سندھ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی،
خرم منظور اور شرجیل خان نے 47 رنز کا آغاز کیا جس کے بعد دوسری وکٹ پر اسد شفیق اور خرم منظور نے طویل شراکت کی۔

شرجیل خان 11 رنز بنا کر آؤٹ ہونے والے پہلے بلے باز تھے لیکن خرم منظور اور اسد شفیق نے شراکت میں اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں۔
اسد شفیق نے 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 59 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کے اسکور کو 17ویں اوور میں 170 تک پہنچایا۔

سندھ کے آخری آؤٹ ہونے والے بلے باز خرم منظور تھے جنہوں نے 58 گیندوں پر 10 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 108 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور خرم منظور نیشنل ٹی ٹوئنٹی کپ میں دوسری سنچری بنانے والے بلے باز بن گئے۔

یوں سندھ نے 20 اوورز میں 3 وکٹوں پر 216 رنز بنائے،سدرن پنجاب کے محمد الیاس نے 2 وکٹیں حاصل کیں، بظاہر سندھ کا دیا گیا یہ ہدف ناقابل شکست دکھائی دیتا تھا۔

سدرن پنجاب کے دونوں اوپنرز 19 رنز پر آؤٹ ہوئے جس میں شان مسعود کے 12 اور ذیشان اشرف کے 4 رنز شامل تھے،عمر صدیق نے 13 رنز بنائے اور صہیب مقصود 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سدرن پنجاب کا اسکور 43 رنز تھا۔

یہاں پرسدرن پنجاب کی ٹیم کو خوشدل شاہ اور حسین طلعت نے سہارا دیا اور خوشدل نے جارحانہ انداز میں کھیلتے ہوئے محض 36 گیندوں پر 8 چوکوں اور 9 چھکوں کی مدد سے سنچری مکمل کی اور ایک وقت میں ہاتھ سے نکلنے والے میچ میں ٹیم کو فتح کے قریب کردیا۔

وہ 170 کے مجموعے پر آؤٹ ہوئے جس کے بعد عامر یامین بھی 184 کے مجموی اسکور پر پویلین سدھار گئے، اس موقع پر پہلے تھوڑے آہستہ کھیلنے والے حسین طلعت نے گیئر بدلا اورجارحانہ کھیل شروع کردیا وہ 36 گیندوں پر 62 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر جب آوٹ ہوئے تو فتح سے 10 رنز قبل آؤٹ ہوئے۔

آخری لمحات میں دلبر خان نے جارحانہ بلے بازی کی اور آخری اوور میں چھکا لگا کر پہلے جیت کے قریب لے گئے اور پھر عمر خان نے دو رنز لے کر سندھ کی امیدوں پر پانی پھیر دیااور میچ میں دو وکٹوں سے جیت لیا،سندھ کے انور علی نے 4 وکٹیں حاصل کیں، میر حمزہ 2 شکار کرنے میں کامیاب رہے جبکہ سہیل خان اور حسان خان نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اسے قبل راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں پہلے مرحلے میں ناقابل شکست رہنے والی ناردرن پاکستان کو سینٹرل پنجاب نے 8 وکٹوں سے ہرایا، ناردرن نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن ابتدائی بلے باز ناکام ہوئے اور دونوں اوپنرز بالترتیب صفر اور 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

فہیم اشرف کا پہلا شکار سہیل اختر بنے اور 17 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد ذیشان ملک اور روحیل نذیر بھی آؤٹ ہوگئے،
شاداب خان اور آصف علی نے پانچویں وکٹ میں بہترین شراکت قائم کی اور اسکور کو 139 رنز تک پہنچادیا۔

آصف علی سب سے زیادہ 67 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، شاداب خان کی اننگز 39 رنز پر مشتمل تھی جبکہ ٹیم میں واپس آنے والے کپتان عماد وسیم صفر پر آؤٹ ہوئے اور حماد اعظم 7 رنز بنا سکے، یوں ناردرن پاکستان کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں پر 165 رنز بنائے۔

فہیم اشرف نے 4 وکٹیں حاصل کی، احسان عادل اور عثمان قادر نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جواب میں سینٹرل پنجاب کی ٹیم کی پہلی وکٹ پر 54 رنز کی شراکت قائم ہوئی، کامران اکمل 21 رنز کی اننگز کھیل آؤٹ ہوئے جس کے بعد ٹورنامنٹ کے کامیاب ترین بلے باز عبداللہ شفیق بھی 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

سینٹرل پنجاب کے کپتان اور فہیم اشرف نے تیسری وکٹ پر 167 رنز بنا کر ہدف حاصل کرلیا اور دوسری کامیابی سمیٹ لی،بابراعظم نے 52 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 86 رنز بنائے جبکہ فہیم اشرف نے 52 رنز بنائے اور دونوں بلے باز ناقابل شکست رہے۔فہیم اشرف مین آف دی میچ قرار پائے۔

 

Comments are closed.