بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے،وزیراعظم

فوٹو:فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بھارتی مذموم عزائم کو بے نقاب کرتا رہے گا، عالمی برادری بھارت کے ناپاک ارادوں سے باز رکھنے کے لیے اقدامات کرے۔

ٹوئٹر پر جاری بیان عمران خان کا کہنا ہے کہ
بھارت پاکستان میں دہشتگردی کو ہوا دے رہا ہے اس لیے عالمی برادری فاشسٹ مودی سرکار کو عسکریت پسندانہ رویے سے باز رکھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ میں نے 2019 میں یواین جنرل اسمبلی میں تقریر کے دوران بھارتی سفاکی کو بے نقاب کیااور دنیا کو بتایا تھا کہ کیسے فاشسٹ مودی حکومت نے بالاکوٹ واقعے کو انتخابی نتائج ‏کے حصول کے لیے استعمال کیا۔

عمران خان نے کہا کہ بھارتی صحافی کے حالیہ واٹس ایپ چیٹ انکشافات نے مودی سرکاری اور بھارتی میڈیا کے ناپاک گٹھ جوڑ کو بے نقاب کر دیا ہے.

انھوں نے کہا کہ نریندرمودی نے بھارتی انتخابات جیتنے کے لیے خطرناک فوجی ایڈونچر کیا جو پورے خطے کو عدم استحکام کا شکار کر سکتا تھا۔

بالاکوٹ واقعے پر پاکستان نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے خطے کو بڑے بحران سے بچایا لیکن مودی سرکار نے بھارت کوشدت پسند ریاست بنانے کا کام ابھی تک جاری رکھا ہوا ہے ۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ذمہ دارانہ کردار کے باوجود مودی سرکار بھارت کو خطرناک ریاست بنانے پر تلی ہوئی ہے، ‏مودی بھارت کو ایسا ملک بنا رہا ہے جو دوسرے ممالک کے لیے خطرناک ہو۔

انھوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے، بھارت کی پاکستان کے خلاف 15 سال کی عالمی ڈس انفارمیشن مہم بےنقاب ہوئی ہیں ۔

بھارت کی جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف وزیاں بھی بے نقاب ہوئیں، ہماری حکومت مودی سرکار کی فاشزم کو بے نقاب کرتی رہے گی۔ بھارت خطے کو ایک ایسے تنازع کے دہانے پر لے جارہا ہے جس کا خطہ متحمل نہیں ہو سکتا۔

Comments are closed.