بھارتی فوج کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائیگا،آرمی چیف


راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ایل او سی کا دورہ کیا اس موقع پر ان کا کہنا تھاکہ بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔

آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس نے ان کا استقبال کیا۔

دورے کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے ایل او سی پر اگلے مورچوں پر تعینات جوانوں سے ملاقات کی اور ان کے بلند حوصلے کو سراہا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزیوں پر بریفنگ دی گئی، انہیں عالمی قوانین کے برخلاف یو این گاڑی کو نشانہ بنانے پر بھی آگاہ کیا گیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ بھارتی فوج کو کسی بھی جارحیت یا مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا، پاک فوج ایل او سی پر آبادی کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے گی۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاک فوج مادر وطن کی جغرافیائی سرحدوں اور وقار کا تحفظ یقینی بنائے گی، بھارتی اشتعال انگیزیاں علاقائی امن و استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

Comments are closed.