بلوچستان کے5اضلاع میں 4سال بعد موبائل انٹر نیٹ سروس بحال

فوٹو: فائل

کوئٹہ( ویب ڈیسک) بلوچستان کے پانچ اضلاع میں چار سال سے بند موبائل انٹرنیٹ سروسز بحال کردی گئی ،انٹر نیٹ بندش سے خاص کر طلبہ کو آن لائن کلاسز لینے میں مشکلات کا سامنا تھا۔

جن اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بحال ہوئی ہے ان میں بلوچستان کے ضلع کیچ، پنجگور،آواران، قلات اور واشک شامل ہیں جہاں موبائل انٹرنیٹ سروس فروری 2017 سے سکیورٹی خدشات کے باعث بند تھی۔

پہلے مرحلے میں پشین، قلعہ عبداللہ اور مستونگ کے اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بحال کی گئی تھی ، انٹر نیٹ سروس کی بحالی پر مقامی افراد اور بالخصوص نوجوانوں نے خوشی کااظہار کیاہے۔

اس حوالے سے وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکشن میں یونیورسل سروس کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر حارث محمود چوہدری نے غیر ملکی خبررساں اداے اردو نیوز کوبتایا کہ بلوچستان میں انٹرنیٹ سروسز سکیورٹی خدشات کی وجہ سے بند کی گئی تھیں۔

ان علاقوں میں دہشتگرد انٹرنیٹ سروسز کے ذریعے آپس میں رابطے وغیرہ کرتے تھے لیکن اب بلوچستان میں امن وامان کی صورتحال بہتر ہو رہی ہے تو متعلقہ اداروں کو کہہ دیا گیا ہے کہ وہ دہشتگردوں کے ایک دوسرے سے مواصلاتی رابطے روکنے کے لیے کوئی اور طریقہ ڈھونڈیں۔

دوسری طرف کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا تھا کہ ماضی میں انٹرنیٹ سروس کی بندش سے متعلق کچھ فیصلے کیے گئے اب حالات بہتر ہوئے تو ہم نے وفاقی حکومت سے درخواست کرکے نیٹ سروسز بحال کرا دی ہیں۔

پی ٹی اے کے ترجمان خرم علی مہران نے بتایا کہ متعلقہ فورمز کی جانب سے سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد بلوچستان کے اضلاع کیچ (بشمول تربت شہر)، آواران، پنجگور، واشک اور قلات اور خیبر پشتونخوا کے ضلع خیبر میں انٹرنیٹ سروسز بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔

پی ٹی اے نے ٹیلی کام آپریٹروں کوان اضلاع کے ساتھ ساتھ آر سی ڈی شاہراہ، خضدار بسیمہ این 30 شاہراہ اور آواران بیلہ روڈ اورآواران بیلہ روڈ اور اس سے ملحقہ قصبوں میں انٹرنیٹ خدمات کی بحالی کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ترجمان پی ٹی اے نے بتایا کہ موبائل فون آپریٹروں کو جہاں ممکن ہو اپنے موجودہ انفراسٹرکچر یعنی ٹو جی سائٹس کی تھری جی اور فور جی اپ گریڈ یشن اور نیٹ ورک کی توسیع کا جائزہ لینے کو بھی کہا جائے گا تاکہ ان علاقوں کے رہائشیوں کو بہتر آواز اور ڈیٹا خدمات فراہم کی جا سکیں۔

ترجمان کے مطابق ڈیٹا خدمات کی بحالی سے شہریوں کو تعلیم، صحت، تجارت اور کمیونیکیشن سے متعلقہ ضروریات کو پورا کرنے میں مدد ملے گی دیگر علاقوں میں سکیورٹی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مرحلہ وار انٹرنیٹ سروسز بحال کی جائیں گی۔

Comments are closed.