بلاول اور حماد اظہر کی لفظی جنگ، گدھے اور چوہوں کے حوالے دیئے


اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث کے دوران گدھوں ، گھوڑوں اور چوہوں کا بھی ذکر ہوتا رہا، بلاول بھٹو نے طنز کیا تو جواب میں وفاقی وزیر حماد اظہر نے اسی انداز میں سندھ کی پیداوار گنوائی۔

بجٹ اجلاس میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے تقریر کرتے ہوئے بجٹ پر دلحسپ انداز میں تبصرہ کیا اور کہا کہ اقتصادی سروے کے اعداد و شمار کا تذکرہ کیا۔

بلاو ل بھٹو زرداری کا کہنا تھاکہ اقتصادی سروے میں بتایا گیا کہ عمران خان کی حکومت میں ملک میں گھوڑوں کے بجائے گدھے بڑھ گئے ہیں، انھوں نے کہا کہ گدھوں کی تعداد کا بڑھنا اس حکومت کی کامیابی قرار دیا گیاہے۔

اس دوران ایوان میں قہقہے بھی لگے اور ارکان اسمبلی خاص کر اپوزیشن والے بلاول بھٹو زرداری کے ریمارکس سے کافی محظوظ ہوئے، لیکن ان کے بیٹھتے ہی جوابی تقریر میں حماد اظہر نے گدھوں کا جواب چوہوں سے دیا۔

وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ سندھ میں چوہوں کی تعداد بڑھ گئی ہے، جو سندھ کی گندم کھاگئے ہیں،ان کا کہنا تھا کہ صرف بات گندم تک ہوتی تو شاید مسلہ نہ ہوتا سندھ کے چوہے پورا سندھ کھا گئے ہیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ منہ ٹیڑھا کر کے انگریزی بولنے سے کرپشن کے لگے داغ دھل نہیں جاتے ، ہم عوام کی طاقت سے اقتدار میں آئے ہیں 10پرسنٹ کی طرح نہیں۔

انھوں نے کہا کہ جس شخص نے خود ساری عمر کارو بار نہیں کیا جس کو اقتصادی اشاریوں کا پتہ نہیں ہے وہ بجٹ پر تو بات کر نہیں سکتا تھا لطیفہ بازی پر زور دیا، سچ یہ ہے سندھ میں کتے کے کاٹے کی ویکسین تک دستیاب نہیں ہے۔

Comments are closed.