بابراعظم،محمد رضوان، فواد عالم اورعالیہ ریاض کو محنت کا صلہ مل گیا

فوٹو:فائل

لاہور: بابر اعظم ، محمد رضوان، نسیم شاہ ، فواد عالم کو محنت کا صلہ مل گیا، پاکستان کرکٹ بورڈ نے سال 2020 کے لیے ان کرکٹرز کو ایوارڈ سے نواز نے کا اعلان کردیا۔

پی سی بی نے مختلف کیٹیگریز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کے لیے ایوارڈز کا اعلان کیا تو ان میں دو وکٹ کیپرز محمد رضوان کو ٹیسٹ کرکٹرز آف دی ایئراور روحیل نذیر کو بیسٹ ایمرجنگ ڈومیسٹک کرکٹر کا ایوارڈ دیا گیا۔

بابر اعظم کو موسٹ ویلیو ایبل اور وائٹ بال کرکٹر آف دی ائیر کے ایوارڈز سے نوازا گیا جب کہ ایک اچھی انٹرنیشل اننگز کھیلنے پر فواد عالم کی بھی لاٹر ی نکل آئی اور انھیں انفرادی کارکردگی کا ایوارڈ مل گیا۔

فاسٹ بولر نسیم شاہ کو بیسٹ ایمرجنگ انٹرنیشنل کرکٹر کا ایوارڈ ملا جب کہ قائد اعظم ٹرافی میں چار سنچریاں اور چار نصف سنچریوں کی مدد سے ایک ہزار سے زائد رنز بنانے والے کامران غلام کو ڈومیسٹک کے بہترین کرکٹر کے ایوارڈسے نوازا گیا۔

پاکستان کی ویمن کرکٹر عالیہ ریاض بیسٹ ویمن کرکٹر آف دی ائیر قرار پائیں جبکہ پی سی بی ایمرجنگ ویمن کرکٹر آف دی ایئر کا ایوارڈ فاطمہ ثنا نے اپنے نام کر لیا۔

اسی طرح ایمپائر کی کیٹیگری میں آصف یعقوب پی سی بی امپائر آف دی ائیر قرار پائے جبکہ کارپوریٹ اچیومنٹ آف دی ائیر کا ایوارڈ پاکستان سوپر لیگ فائیو کو دیا گیا۔

Comments are closed.