ایوان صدر میں پانی لیک ہوتاہے، خاتون اول ثمینہ علوی

اسلام آباد(ویب ڈیسک) خاتون اول ثمینہ علوی نےایوان صدر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انکشاف کیا کہ ملک کی اتنی بڑی اہم ترین عمارت میں پانی لیک ہوتا ہے اور ایوان صدر کا ماضی میں اس طرح خیال نہیں رکھا گیا۔

خاتون اول نے، انڈیپینڈنٹ اردو ، کو انٹرویو میں کہا وہ ایک جیسے ہی ولگر موضوعات کی وجہ سے پاکستانی ڈرامے کم دیکھتی ہیں، خاتون اول نے انکشاف کیا کہ انہیں پاکستانی ڈرامے دیکھنے سے ڈپریشن ہوجاتا ہے، کیوں کہ ان میں کوئی بھی ڈھنگ کی چیز نہیں دکھائی جاتی۔

ثمینہ علوی نے یہ بھی بتایا کہ خاتون اول ہونے اور سیاست پر نظر رکھنے کے لیے وہ ٹاک شوز دیکھتی ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بی بی بشریٰ کی تعریف کرتے ہوئے انہیں مہذب شخصیت کی مالک خاتون قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے ان کے ساتھ ہر موضوع پر کھل کر اور اچھے طریقے سے بات کی۔

پاکستانی ڈرامہ کے موضوعات غیر مہذب، اطغرل غازی کی تعریف

انہوں نےکہا پاکستانی ڈراموں میں ایک جیسے ہی غیر مہذب موضوعات، افیئرز اور غلط چیزوں کے علاوہ کچھ نہیں دکھایا جارہا۔

ثمیہ علوی نے کہا پاکستانی ڈراموں میں کوئی بھی تعمیری کام نہیں کیا جا رہا اور انہوں نے اس مسئلے پر کچھ ٹی وی شخصیات سے بات بھی کی، جنہوں نے انہیں بتایا کہ ولگر اور بولڈ موضوع پر بنے ڈراموں کی ہی ریٹنگ آتی ہے۔

خاتون اول کا کہنا تھا کہ ڈراموں میں غلط چیزیں دکھانے کی وجہ سے ہی آج کل لڑکے اور لڑکیاں غلط کام کر رہے ہیں،جس طرح کی چیزیں دکھائی جائیں گی، بچے ویسا ہی کریں گے، اس لیے ڈراموں کے موضوعات تبدیل ہونے چاہیے اور انہیں تعمیری ہونا چاہیے۔

ثمینہ علوی ملک میں نئی نسل میں منشیات کے استعمال کو بھی ڈراموں سے جوڑتے ہوئے کہا کہ اسی وجہ سے منشیات کا استعمال بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر ہونے والے ترک ڈرامے ارطغرل غازی کی تعریف کی اور کہا کہ وہ اچھا ڈراما ہے اور اس میں کسی بھی چیز کو غیر مہذب طریقے سے نہیں دکھایا گیا۔

صدر مملکت عارف علوی اور خاتون اول ثمینہ علوی ایوان صدر میں، فیس بک فائل

صدر مملکت کی اہلیہ نے وزیر اعظم کی اہلیہ کے حوالے سے عام عوام میں پائے جانے والے خیالات کو غلط قرار دیا اور کہا کہ وہ ہر موضوع پر اچھی دسترس رکھتی ہیں اور ان کی شائستہ گفتگو سے ان کی مہذبانہ شخصیت کا اقرار ہوتا ہے۔

انہوں نے صدر مملکت سے سیاسی مسائل پر ہونے والی بحث پر بھی بات کی اور بتایا کہ وہ اپنے شوہر کو صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی کے مسائل کے حوالے سے آگاہ کرنے سمیت انہیں حل کرنے کے لیے کہتی رہتی ہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ جب ان کے شوہر کو صدر بننے کے لیے کہا گیا تو انہوں نے کچھ ذاتی وجوہات کی وجہ سے شوہر کے صدر بننے پر اختلاف کیا، تاہم بعد ازاں وہ رضامند ہوگئیں۔

ثمینہ علوی نے ملک میں خواتین کے ریپ اور انہیں ہراساں کیے جانے کے معاملے پر بھی بات کی اور کہا کہ ریپ واقعات کو سخت سزاؤں کے تحت ہی کم کیا جا سکتا ہے،انہوں نے بتایا کہ ان کی تینوں بیٹیاں اور بیٹا بھی دندان ساز ہے اور وہ اب پریکٹس کر رہے ہیں، جب کہ بیٹے سمیت بڑی بیٹی کو سیاست میں بہت زیادہ دلچسپی بھی ہے۔

خاتون اول نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ان کی بڑی بیٹی اپنے خاندان سمیت دبئی میں مقیم ہیں، جہاں وہ بطور ڈینٹسٹ کام کر رہی ہیں اور ساتھ ہی وہ سیاست میں بھی دلچسپی رکھتی ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی بار بار تعریف بھی کی اور بتایا کہ وہ انہیں بیٹے کو بھی قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑانے کا کہہ چکے ہیں۔

واضح رہے عارف علوی جولائی 2018 میں ہونے والے عام انتخابات میں کراچی سے رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے تھے، تاہم پارٹی نے انہیں صدر بنانے کا فیصلہ کیا اور وہ 4 ستمبر 2018 کو پاکستان کے 13 ویں صدر منتخب ہوئے تھے۔

Comments are closed.