ایران امریکہ جنگ بندی کی ڈیڈ لائن کا کاونٹ ڈاون شروع ہو گیا

فوٹو : اے آئی 

اسلام آباد: ایران امریکہ جنگ بندی کی ڈیڈ لائن کا کاونٹ ڈاون شروع ہو گیا، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی پاکستانی وقت کے مطابق 22 اپریل کی صبح 4 بج کر 50 منٹ پر ختم ہو رہی ہے۔

عطااللہ تارڑ نے ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ ایران کی جانب سے اسلام آباد امن مذاکرات میں شرکت کے لیے تصدیق کا انتظار ہے، ایران کی جانب سے امن مذاکرات میں شرکت کے لیے تاحال باضابطہ جواب موصول نہیں ہوا۔

پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان بطور ثالث ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے، پاکستان سفارتکاری و مکالمے کے عمل کو آگے بڑھا رہا ہے۔

عطااللہ تارڑ نے مزید کہا کہ دو ہفتوں کی جنگ بندی کے اختتام سے قبل مذاکرات میں شرکت سے متعلق ایران کا فیصلہ نہایت اہم ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ جنگ بندی میں مزید توسیع نہیں چاہتا، ایران کا معاملہ بڑی ڈیل کے ساتھ ختم ہو جائے گا۔

صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہم ایران کے ساتھ معاملات کو بہت کامیابی سے سنبھال رہے ہیں، ہم مذاکرات میں مضبوط پوزیشن میں ہیں۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کی ناکا بندی کامیاب رہی ہے، ہمارے پاس اس معاملے پر مزید وقت نہیں ہے، امریکا ضرورت پڑنے پر فوجی کارروائی کرنے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران کے معاملے میں جلد بازی میں کوئی فیصلہ نہیں کروں گا۔جنگ بندی میں مزید توسیع نہیں چاہتا، ایران کا معاملہ بڑی ڈیل کے ساتھ ختم ہو جائے گا۔

Comments are closed.