اپوزیشن اتحاد نے ملک گیر جلسوں اور تحریک کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (زمینی حقائق ڈاٹ کام)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے حکومت کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی جلسوں اور تحریک کا اعلان کردیاہے۔

پیر کو پی ڈی ایم کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے بتایا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے پلیٹ فارم سے پہلا جلسہ 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں منعقد کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ کوئٹہ میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا جلسہ 25 نومبر کو ہوگا۔ ان جلسوں سے پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین خطاب کریں گے۔ اپوزیشن جماعتیں سب سے بڑا جلسہ لاہور میں کریں گے۔

پیپلزپارٹی نے جلسے کی تاریخ سے متعلق اعتراضات کمیٹی کے سامنے رکھ دیئے جس میں کہا گیا کہ سانحہ کارساز کے جلسے کے باعث پارٹی قیادت کوئٹہ جلسے میں شرکت نہیں کرسکے گی، ہر سال کی طرح اس سال بھی 18 اکتوبر کو جلسہ ہوگا۔

پیپلزپارٹی کے اعتراضات کے بعد جلسے کے لئے نئی تاریخ پر مشاورت ہوئی اور آخرکار یہ فیصلہ کیا گیا کہ کوئٹہ جلسہ 18 اکتوبر کو نہیں بلکہ 25 نومبر کو ہوگا۔

میڈیا سے بات کرتے ہوئے پی ڈی ایم کے سیکریٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ 18 اکتوبر کو کوئٹہ کے بجائے اب کراچی میں جلسہ ہوگا جس کی میزبانی پیپلزپارٹی کرے گی اور اس سے پہلے 16 اکتوبر کو گوجرانوالہ میں جلسہ ہوگا.

کوئٹہ جلسہ اب 25 نومبر کو ہوگا۔ 22 نومبر کو پشاور، 13 دسمبر کو لاہور، 30 نومبر کو ملتان اور 27 دسمبر کو لاڑکانہ میں پی ڈی ایم کا جلسہ ہوگا۔

دوسری جانب پی ڈی ایم کا تنظیمی ڈھانچہ مکمل کرنے کے لیے پیش رفت ہوئی ہے اور پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف سنئیر نائب صدر جبکہ مسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی سیکرٹری جنرل اور میاں افتخار سیکرٹری اطلاعات مقرر کر دیے گئے.

پی ڈی ایم سربراہ کے عہدے کی مدت کا تعین کرنے کا معاملہ قیادت پر چھوڑ دیا گیاہے جس کا فیصلہ جلد کر لیا جائے گا۔

Comments are closed.