انگلینڈ نے افغانستان اور آسٹریلیا نے سری لنکا کو شکست دیدی

اسلام آباد (سپورٹس ڈیسک) ورلڈکپ 2019 سے قبل پہلے وارم اپ میچ میں انگلینڈ نے افغانستان کو 9 وکٹوں سے شکست دی جب کہ آسٹریلیا نے سری لنکا کو 5 وکٹوں سے ہرادیا۔

لیڈز کے اوول گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں افغانستان کی ٹیم  نے پہلے کھیلتے ہوئے 160 رنز بنائے۔محمد نبی کے علاوہ کوئی بھی افغان بلے باز انگلش بولرز کے سامنے ٹک کر کھڑا نہ ہو سکا اور پوری ٹیم 39 ویں اوور میں ڈھیر ہو گئی۔

محمد نبی 44 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ نور علی زدران نے 30 رنز کی اننگز کھیلی۔انگلینڈ کی جانب سے جو روٹ اور جوفرا آرچر نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

انگلش بلے بازوں نے پہلے اوور سے ہی جارحانہ کھیل کا آغاز کیا اور مطلوبہ ہدف با آسانی 18 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کر لیا۔

جیسن رائے نے 46 گیندوں پر 89 رنز جب کہ جونی بیئراسٹو نے 22 گیندوں پر 39 رنز کی اننگز کھیلیں۔ جو روٹ نے بھی 29 رنز اسکور کیے۔

ساؤتھ ایمٹن میں کھیلے گئے دوسرے وارم اپ میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

سری لنکا نے آسٹریلیا کے خلاف مقررہ 50 اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 239 رنز بنائے، تھریمانے 56 اور ڈی سلوا 43 رنز بناکر نمایاں رہے۔

کینگروز کی جانب سے زیمپا نے 2، اسٹارک، کیومنز، رچرڈسن اور میکسویل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ آسٹریلیا نے سری لنکا کا 240 رنز کا ہدف بآسانی 5 وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔

کینگروز کی جانب سے عثمان خواجہ 89، میکسویل نے 36 اور مارش 34 رنز بناکر نمایاں رہے۔ سری لنکا کی جانب سے ویندرسے نے 2، پردیپ، ڈی سلوا اور سری وردانا نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل آسٹریلیا نے انگلینڈ اور افغانستان نے پاکستان کو وارم میچ میں شکست دی تھی جب کہ جنوبی افریقا نے سری لنکا کو باآسانی ہرایا تھا۔

ورلڈکپ سے قبل آخری دو وارم اپ میچز آج ویسٹ انڈیز، نیوزی لینڈ اور بنگلادیش، انڈیا کے درمیان کھیلے جائیں گے۔

Comments are closed.