اسٹریلیا نے پہلے میچ میں پاکستان کو8وکٹوں سے ہرا دیا

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک )ونڈے سیریز کے پہلے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے دی۔

شارجہ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 280 رنز بنائے۔ آسٹریلیا کو جیت کیلئے 281 رنز کا ہدف دیا جو اس نے باآسانی 2 وکٹوں کے نقصان پر 49 اوورز میں پورا کرلیا۔

قومی ٹیم کی جانب سے امام الحق اور شان مسعود نے اننگز کا آغاز کیا لیکن نویں اوور میں پاکستان کو پہلا نقصان اس وقت ہوا جب امام الحق ناتھن لیون کی گیند پر ان ہی کے ہاتھوں کیچ آوٴٹ ہوگئے۔

پاکستان کے دوسرے آوٴٹ ہونے والے کھلاڑی شان مسعود تھے جو 40 رنز بنا کر کولٹر نائل کی گیند پر بولڈ ہوئے۔کپتان شعیب ملک 11 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے۔

حارث سہیل ناقابل شکست 101 رنز بناکر نمایاں رہے، یہ ان کی پہلی ون ڈے سنچری ہے، عمر اکمل 49 اور شان مسعود 40 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے،آسٹریلیا کی جانب سے کولٹر نائل اور گلین میکس ویل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔

جواب میں آسٹریلوی اننگز کا آغاز عثمان خواجہ اور کپتان ایرون فنچ نے کیا۔ 63 کے مجموعی اسکور پر عثمان خواجہ 24 رنز بناکر فہیم اشرف کا شکار بن گئے۔

آسٹریلیا کو دوسرا نقصان 235 کے مجموعی اسکور پر ہوا جب کپتان ایرون فنچ 116 رنز بناکر پویلین لوٹے، انہیں محمد عباس نے آوٴٹ کیا۔

دوسری وکٹ پر ایرون فنچ اور شان مارش کے درمیان 172 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی جس نے آسٹریلیا کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

شان مارچ 91 اور ہینڈز کامب 30 رنز بناکر ناٹ آوٴٹ رہے اور آسٹریلیا نے 49 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 281 رنز کا ہدف حاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے فہیم اشرف اور محمد عباس ایک ایک وکٹ حاصل کرسکے۔

آسٹریلوی کپتان ایرون فنچ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا،دوسرا میچ 24مارچ کو شارجہ ہی میں کھیلا جائے گا۔

میچ شروع ہونے سے قبل کرائسٹ چرچ کی مساجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

Comments are closed.