آصف زرداری پر مزید 2 ریفرنسز میں فرد جرم عائد

اسلام آباد: اسلام آباد کی احتساب عدالت نے سابق صدر آصف زرداری پر پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنسز میں فرد جرم عائد کردی ہے۔

احتساب عدالت میں پارک لین ریفرنس اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس پر سماعت ہوئی جس سلسلے میں سابق صدر آصف علی زرداری عدالت میں پیش ہوئے۔

جج اعظم خان نے کیسوں کی سماعت کی جس میں آصف زرداری سمیت دیگر ملزمان کی حاضری لگوائی گئی جب کہ گزشتہ سماعت پر غیر حاضر ملزم شیر علی بھی عدالت میں موجود تھے۔

دورانِ سماعت سابق صدر آصف زرداری اور دیگر ملزمان کو پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس کی چارج شیٹ دی گئی جب کہ ملزمان کو فرد جرم کی نقول بھی فراہم کی گئیں۔

احتساب عدالت نے سابق صدر پر پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں فرد جرم عائد کردی، پارک لین ریفرنس میں 19 اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں کل 15 ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی۔

اس موقع پر عدالت میں موجود سابق صدر آصف زرداری نے فرد جرم عائد کیے جانے پر صحت جرم سے انکار کردیا ان کا موقف تھا کہ مجھ پر لگائے گے الزامات درست نہیں ہیں۔

تاہم احتساب عدالت نے پارک لین ضمنی ریفرنس میں نیب کو 20 اکتوبر اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں 21 اکتوبر کو گواہ پیش کرنے کی ہدایت کردی۔

یاد رہےکہ اس سے قبل 28 ستمبر کو احتساب عدالت نے میگا منی لانڈرنگ کیس میں آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور پر فرد جرم عائد کی تھی۔

Comments are closed.