یوم دفاع ملی جوش و جذبے سے منایاگیا

ویب ڈیسک

اسلام آباد:ملک بھر میں 6ستمبر کو بھارت کے خلاف منہ توڑ جواب دینے کی یاد میں یوم دفاع قومی جوش جذبے سے منایا گیا ،راولپنڈی میں آرمی چیف نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے او ر فاتح خوانی کی۔

وفاقی دارالحکومت میں رات 12 بجتے ہی شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جس سے وفاقی دار الحکومت کے آسمان پر رنگوں کی قوس و قزح چھا گئی اور ملی نغموں نے شہریوں کا لہو گر ما دیا۔

یوم دفاع کے موقع پر نماز فجر کے بعد ملک بھر کی مساجد میں پاکستان کی ترقی و خوشحالی اور پاک فوج کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ ملک مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔

مرکزی تقریب جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہوئی، اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی جب کہ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کو سلامی بھی پیش کی۔

6 ستمبر 1965 کو بھارتی افواج نے لاہور کے قریب بین الااقوامی سرحد عبور کرتے ہوئے شہر میں داخل ہونے کی کوشش کی لیکن دشمن کو بیدیاں اور واہگہ کے مقامات پر ہی مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا۔

1965کو آج ہی کے دن قوم کے جاں نثار سپوتوں نے جرات و بہادری کی لازوال داستانیں رقم کرتے ہوئے دشمن کو ناکوں چنے چبوادیے اور مادر وطن کا زبر دست دفاع کیا۔

اسلام آباد کے نیول ہیڈ کوارٹرز میں بھی یادگار شہداء پر یوم دفاع کی تقریب منعقد کی گئی، اس موقع پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے یادگار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔

بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال کے مزار پر گارڈ زکی تبدیلی کی پروقار تقاریب منعقد کی گئیں،مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کے مہمان خصوصی ائیر وائس مارشل شکیل غضنفر تھے۔

مزار قائد پر پاک فضائیہ کی اصغرخان اکیڈمی کے چاق و چوبند دستے نے اعزازی گارڈز کے فرائض سنبھالے، فرائض سنبھالنے والے گارڈز میں 3 خواتین سمیت 46 کیڈٹس شامل ہیں۔

لاہور میں مزار اقبال پر بھی گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، ڈی جی رینجرز میجر جنرل عامر مجید تقریب کے مہمان خصوصی تھے، مہمان خصوصی نے مزار اقبال پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔

یوم دفاع کی مناسبت سے آئی ایس پی آر نے خصوصی نغمہ جاری کیا ہے جب کہ اسی حوالے سے مختلف کمپنیوں اور اداروں کی طرف سے بھی نغمات تیار کرکے اور تقاریب میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

Comments are closed.