آئین و قانون کی رہنمائی میں حکومت کی مدد جاری رکھیں گے، آرمی چیف

فوٹو: سکرین گریب

ایبٹ آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان قوم نے ہمیشہ چیلنجز کو کامیابیوں میں تبدیل کیا، فروری 2019 اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی، پاک فوج قابل فخر قوم کی خوبصورت اور حقیقی عکاس ہے۔

ملٹری اکیڈمی کاکول ایبٹ آباد میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا امن کیلئے بھاری قیمت ادا کی، امن قائم رکھنے کیلئے لہو سے اسکی حفاظت یقینی بنائیں، فروری 2019 میں اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست دی۔

انھوں نے کہا کہ پاکپستانی قوم ہر مشکل اور ہر چیلنج میں آپ کو شانہ بشانہ ملے گی، آپ کو جوانی کا بڑا حصہ ملکی مستقبل کی آبیاری میں مختص کرنا پڑے گا، فرائض کی بجا آوری اور غیر جانبداری آپ کا ہدف ہونا چائیے، ہم نے امن کیلئے بھاری قیمت ادا کی ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا آئین اور قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھیں گے، ہم نے امن کے لیے بھاری قیمت ادا کی ہے، امن قائم رکھنے کے لیے لہو سے اس کی حفاظت یقینی بنائیں گے۔

بہت سے ممالک کی طرح پاکستان کو جنگ، دہشت گردی اور معاشی شکنجے کا سامنا کرنا پڑا، دُنیا کے بہت سے ممالک اِن مشکلات کا سامنا نہ کر سکے اور بکھر گئے، پاکستان نے ان تمام سازشوں اور مشکلات کا ڈٹ کر مقابلہ کیا۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ دُشمن جو ہماری تباہی کا منصوبہ بنائے بیٹھے تھے، مایوسی سے ہماری کامیابیوں کو دیکھ رہے ہیں، ہمارے دشمن کی مایوسی میں پاکستان کو 24/7ہائبرڈ وار کا سامنا ہے، اس ہائبرڈ وار کا ہدف عوام ہیں اور میدانِ جنگ انسانی ذہن ہیں، ہر سطح پر قومی قیادت ہائبرڈ وار کا ہدف ہے۔

آرمی چیف نے پاس ہونے والے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو بحیثیت ینگ لیڈرز پہلے دِن سے اِس چیلنج کا سامنا کرنا پڑے گا، آپ کو مایوسی کے اس ماحول سے اُمید کی کِرن بننا ہے، آپ کو اپنے جوانوں کو بھی اِس پروپیگنڈے سے محفوظ رکھنا ہو گا، اُصولوں اور روایات پر عمل پیرا ہو کر ہی آپ اِس ہائبرڈ وار کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔

انھوں نے آج پاکستان دفاعی حوالے سے ایک مضبوط پاکستان ہے، ہائبرڈ وار کا مقصد پاکستان میں اُمید کی فضا کو ٹھیس پہنچانا ہے، ہائبرڈ وار کا مقصد اِس مفروضے کو تقویت دینا ہے یہاں کچھ بھی اچھا نہیں ہو سکتا، لیکن میں آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ یہاں سب کچھ اچھا ہو گا۔

آرمی چیف نے کہا ذات پات، مذہب اور لسانیت سے برتر ہم سب پاکستان کے سپاہی ہیں، اتحاد ہماری قوت اور انشااللہ ہم سب متحد ہیں، پاکستانی قوم نے ہمیشہ چیلنجز کو کامیابیوں میں تبدیل کیا ہے، ان شاء اللہ اب بھی چیلنجز کو کامیابیوں میں تبدیل کریں گے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ بحیثیت قوم ہمیں حالات کا ادراک ہے اور ہم درست سِمت جا رہے ہیں، عوام، دستور، دستوری روایات، سب سے بڑھ کر وطن سے عہد وفا ہماری اصل مضبوطی اور طاقت ہے۔

آئین پاکستان اور قومی مفادات تمام معاملات میں ہمارے رہنما ہیں، آج پاکستان دفاعی حوالے سے ایک مضبوط پاکستان ہے، ہم آئین اور قانون کی رہنمائی میں منتخب حکومت کی مدد جاری رکھیں گے۔

میری دُعا ہے کہ پاکستان ایک خوشحال، مستحکم اور متعین مقام پر پہنچے، ایک ایسا پاکستان جہاں نہ صرف مسلمان بلکہ اقلیتیں بھی اپنے حقیقی تصور ریاست کو دیکھ سکیں، ہم منزل کے قریب پہنچ چکے ہیں ۔

Comments are closed.