نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے نام شارٹ لسٹ کر لیے ہیں ،ملک احمد خان
فائل:فوٹو
لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما ملک احمد خان کا کہنا ہے کہ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے لیے نام شارٹ لسٹ کر لیے ہیں تاہم اتحادیوں سے مشاورت کے بغیر نام بتانا مناسب نہیں۔
اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کے نمائندے ملک احمد خان کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے رسمی گفتگو میں ملک احمد خان نے بتایا کہ نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے وزیر اعظم سے مشاورت مکمل کرلی ہے اور وزیر اعظم آج شارٹ لسٹ کیے گئے نام آصف علی زرداری کے سامنے رکھیں گے۔
اپوزیشن لیڈر کے نمائندے کا کہنا تھا کہ آصف زرداری سے مشاورت کے بعد آج شام تک تین نام گورنر پنجاب کو بھجوا دیں گے۔
دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں ملک احمد خان نے لکھا کہ نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب کے تقرر کے لیے مسلم لیگ ن نے مشاورت کے بعد سابق صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون صاحب کے نام پر بھی اتفاق کیا لیکن انھوں نے اس پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وکلاء سیاست کی ذمے داریوں اور تقاضوں کی بنا پر معذرت کی ہے۔
نگران وزیر اعلی پنجاب کے تقرر کے لیے مسلم لیگ ن نے مشاورت کے بعد سابق صدر سپریم کورٹ بار احسن بھون صاحب کے نام پر بھی اتفاق کیا لیکن انھوں نے اس پر شکریہ ادا کرتے ہوئے وکلا سیاست کی ذمے داریوں اور تقاضوں کی بنا پر معذرت کی ھے
— Malik Ahmad Khan (Official) (@MalikMAhmadKhan) January 17, 2023
خیال رہے کہ نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر کے معاملے پر وزیراعلیٰ پنجاب اور اپوزیشن لیڈر کے درمیان مشاورت کا آئینی وقت آج رات 10 بجکر 10 منٹ پر ختم ہو جائے گا۔
پنجاب اسمبلی کی تحلیل کو تین روز گزرنے کے باوجود تاحال نگراں وزیراعلی کے نام پر اتفاق رائے نہیں ہوسکا ہے جس کے باعث معاملہ پارلیمانی کمیٹی میں جانے کے امکانات پیدا ہوگئے۔ اتفاق رائے نہ ہوا تو معاملہ اسپیکر پنجاب اسمبلی کے پاس چلا جائے گا۔
Comments are closed.