امپورٹڈ سرکارکی ساری توانائیاں این آر او 2 اوراس کے تحفظ پر مرکوز ہیں،عمران خان
فائل:فوٹو
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ امپورٹڈ سرکار دہشت گردی سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔ ان کی ساری توانائیاں این آر او 2 اوراس کے تحفظ پر مرکوز ہیں
اپنے ایک بیان میں چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت پاکستان میں دہشتگردی کی شرح میں 50 فیصد اضافے سے نمٹنے میں ناکام رہی ہے۔ چمن سے سوات ،لکی مروت اوربنوں تک پیش آنے والے واقعات اس کا ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ حکومت ”دوستانہ“ افغان حکومت کی فوجوں کی جانب سے بین الاقوامی پاک-افغان سرحد پر کئے جانیوالے حملوں کے تدارک میں بھی ناکام ہوئی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ستم ظریفی ہے کہ ہمارے جوان، پولیس اہلکار اور مقامی لوگ روزمرّہ کی بنیاد پر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کررہے ہیں لیکن دہشتگردی کے خطرات اور مغربی سرحد سے حملوں میں اضافہ پرمجرموں کی سرکار بیان تک نہیں دے رہی۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے مزید کہا کہ ان کی ساری توانائیاں این آر او 2 اوراس کے تحفظ پر مرکوز ہیں۔ معیشت کی زبوں حالی کے باوجود یہ انتخابات جو سیاسی استحکام کے ذریعے معیشت مضبوط کرنے کا واحد حل ہیں کروانے سے گھبرا رہے ہیں۔
Comments are closed.