ن لیگ ماتم جاری رکھے، مونس الہی کا عمران سے ملاقات کے بعد بیان

لاہور: ن لیگ ماتم جاری رکھے، مونس الہی کا عمران سے ملاقات کے بعد بیان مسلم لیگ ق کے رہنما، سابق وفاقی وزیر مونس الہیٰ نے زمان پارک میں ملاقات کی۔

مونس الہی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف سے ملاقات کے بعد ٹویٹر پر بیان میں کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقات ہوئی، ہمارا اتحاد قائم ہے، ن لیگ اپنا ماتم جاری رکھے۔

رہنما مسلم لیگ ق مونس الہیٰ نے عمران خان سے زمان پارک میں ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی، دونوں رہنمائوں کے درمیان ملاقات 20 منٹ جاری رہی۔

مونس الٰہی نے کہا کہ ابھی تھوڑی دیر پہلے عمران خان سے ملاقات ہوئی ہے، ہمارا اتحاد قائم و دائم ہے اور انشاء اللہ رہے گا۔

ملاقات میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما فواد چودھری بھی موجود تھے، ملاقات کے دوران مونس الٰہی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو پرویز الٰہی کے بیانات پر اعتماد میں لیا۔

واضح رہے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا تھا کہ جنرل ریٹائرڈ باجوہ پر تنقید کرنا درست نہیں وہ ہمارے محسن ہیں۔

انھوں نے کہا تھاکہ عمران خان نے مجھے ساتھ بٹھا کر جنرل ریٹائر قمر جاوید باجوہ پر تنقید کرکے زیادتی کی، مجھے بہت برا لگاہے آئندہ ایسا ہوا تو سب سے پہلے میں بولوں گا پھر پارٹی بولے گی۔

چوہدری پرویز الہیٰ کےبیان کے بعد میڈیا پر رپورٹ ہوا کہ پرویز الہی پی ٹی آئی سے الگ ہونے لگے ہیں تاہم اس بیان کے بعد غلط فہمی دور کرنے کےلئے مونس الہی نے عمران خان سے ملاقات کی۔

Comments are closed.