پی ٹی آئی کے صوبائی وزیر سردار حسنین بہادر دریشک وزارت سے مستعفی

فائل:فوٹو

لاہور: پنجاب کابینہ اجلاس میں تلخی کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی وزیر سردار حسنین بہادر دریشک وزارت سے مستعفی ہوگئے۔

 

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پنجاب کابینہ کے اجلاس میں صوبائی وزیر حسنین بہادر دریشک کی وزیراعلی پنجاب سے تلخ کلامی ہوئی۔

صوبائی وزیر احتجاجا کابینہ اجلاس سے اٹھ کر چلے گئے۔ کابینہ اجلاس میں ایک ہی وقت میں متعدد وزراء بات کرنا چاہتے تھے۔وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ میں ڈسپلن کیساتھ کابینہ اجلاس چلاوٴں گا اور ایک وقت میں ایک ہی وزیر بات کرسکتا ہے۔

 

سردار حسنین بہادر دریشک نے اس کے باوجود بھی گفتگو جاری رکھی۔ وزیر اعلی نے اجازت کے بغیر گفتگو سے روکا تو صوبائی وزیر غصے میں آگئے اور دھمکی دی کہ میں پھر استعفی دے دیتا ہوں اور اجلاس سے چلا جاتا ہوں۔یہ کہہ کر صوبائی وزیر کابینہ اجلاس سے باہر چلے گئے۔

 

واقعہ کے بعد حسنین بہادر دریشک نے کابینہ سے مستعفی ہوتے ہوئے استعفیٰ ارسال کر دیا۔ سردار حسنین بہادر دریشک نے میڈیا کو تصدیق بھی کی ہے کہ استعفیٰ بھجوا دیا ہے۔

Comments are closed.