ریکوڈک منصوبے کو اب سیاست کی نذرنہیں ہونے دیں گے، وزیراعلیٰ بلوچستان
فائل:فوٹو
کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے ریکوڈک پر اپنے ٹیکسوں کی چھوٹ دی لیکن تمام صوبائی ٹیکس نافذ العمل رہیں گے۔ ریکوڈک منصوبے کو اب سیاست کی نذرنہیں ہونے دیں گے۔
کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم نے کوئی اختیار وفاقی حکومت کو دیا اور نہ کسی صوبائی ٹیکس کی معافی دی، معاہدے کے اس مرحلے پر اختلاف رائے کسی طور صوبے کے مفاد میں نہیں۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی کرسی کو داؤ پر لگا کر ریکوڈک منصوبے کو بلوچستان کے حق میں بنایا، ریکوڈک منصوبے کو اب سیاست کی نذرنہیں ہونے دیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے سے اربوں ڈالر پاکستان آئیں گے اور آٹھ ارب ڈالر کی غیر ملکی سرمایہ کاری ملکی معیشت میں تازہ خون کی طرح دوڑے گی، ملک اور صوبے کے مفاد میں اس سے بہتر معاہدہ نہیں ہو سکتا تھا۔
میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ سابق وزیراعظم اور سابق وزیر خزانہ کے لیے ہمارا اٹل موقف حیران کن تھا، عہد کیا تھا صوبے کے مفاد سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹیں گے جبکہ ہر قدم پر صوبائی اسمبلی، سیاسی قائدین اور کابینہ کو آن بورڈ رکھا۔
انہوں نے کہا کہ کہ اٹھارویں ترمیم کے تحت صوبے کو حاصل اختیار سے پیچھے ہٹنا گناہ سمجھتے ہیں۔
Comments are closed.