چیئرمین پی ٹی آئی پرحملہ کرنے والے شخص کا عمران خان کے قتل کی منصوبہ بندی کا اعتراف
فوٹو:اسکرین گریب
وزیرآباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین پرحملہ کرنے والے شخص نے عمران خان کے قتل کی منصوبہ بندی کا اعتراف کرتے ہوئے کہاکہ صرف عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کیمگرکامیاب نہ ہوسکا۔ حملہ آور کی ویڈیو منظرعام پر آگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر حملہ کرنے والے شخص کو پنجاب پولیس نے گرفتار کرکے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے جہاں سے پولیس نے ملزم کا اعترافی ویڈیو بیان جاری کیا ہے۔
حملہ آور نے اپنے بیان میں اعتراف کیا کہ اس نے صرف عمران خان کو قتل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ کامیاب نہیں ہوسکا۔
ملزم نے پولیس حراست میں کہا کہ عمران خان لوگوں کو گمراہ کررہا تھا، اذان کے دوران ڈیک چلا رہا تھا، انہیں وجوہات کی بناء پر عمران خان کو مارنے کا فیصلہ کیا کیوں کہ میرے ضمیر نے یہ چیزیں گوارہ نہیں کیں۔
ملزم کے بیان میں تضاد پایا جاتا ہے کیوں کہ ملزم ایک جانب کہتا ہے کہ عمران خان کے قتل کا فیصلہ اچانک کیا اور فائرنگ کردی جب کہ دوسری جانب ملزم نے اپنے بیان میں کہا کہ جب لانگ مارچ کا لاہور سے آغاز ہوا تب ہی عمران خان کے قتل کا منصوبہ بنالیا تھا۔
ملزم نے بتایا کہ فائرنگ کرنے پر کسی حمایت حاصل نہیں، نا وقوعہ کے وقت اس کے ساتھ کوئی موجود تھا۔
ملزم نے پولیس حراست میں بیان دیا کہ میں گھر سے اکیلا ہی نکلا تھا، پھر لانگ مارچ کے قریب ماموں کی دکان پر بائیک کھڑی کرکے جائے وقوعہ پر پہنچا اور عمران خان پر فائرنگ کردی۔
پولیس ذرائع نے حملہ آور کی شناخت ظاہر کردی ہے، فائرنگ کرنے والے شخص کا نام محمد نوید ہے جو وزیرآباد کے علاقے سودھراں کا رہائشی ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم سے پسٹل اور دو خالی میگزین برآمد ہوئے ہیں۔
واضح رہے کہ کچھ دیر قبل وزیر آباد میں اولڈ کچہری چوک پر لانگ مارچ میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر فائرنگ کی گئی تھی جس کے نتیجے میں چیئرمین پی ٹی آئی سمیت 8 افراد زخمی جب کہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔فواد چوہدری نے بتایا ہے کہ سینیٹر فیصل جاوید،عمرڈار،احمد چھٹہ کوبھی گولیاں لگی ہیں۔
Comments are closed.