وزیراعظم کا جی ایچ کیو کے خط پر ارشد شریف قتل کی تحقیقات کا فیصلہ

اسلام آباد : وزیراعظم کا جی ایچ کیو کے خط پر ارشد شریف قتل کی تحقیقات کا فیصلہ، وزیراعظم نے جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔

جی ایچ کیو کا سینئر صحافی و اینکر ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کےلئےحکومت کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ تحقیقات کےلئے کمیشن تشکیل دیا جائے۔

کمیشن کینیا پولیس کے ہاتھوں ارشد شریف کی موت کی مکمل تحقیقات کرے،خط میں بے بنیاد الزامات لگانے والوں کے خلاف قانو ن وآئین کےمطابق کارروائی کرنےکی استدعا کی گئی ہے.

جی ایچ کیو کے خط میں ارشد شریف کے قتل کے بعد بے بنیاد الزامات پر بھی تشویش کااظہار، حکومت کو کارروائی کرنے کی درخواست کی گئی ہے تاکہ حقائق تک پہنچنے کےلئے پراپیگنڈا کو روکا جاسکے۔

دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے تصدیق کی ہے کہ وزیراعظم نے ہائیکورٹ کےجج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے.

قتل کی تحقیقات کیلئے بننے والے جوڈیشل کمیشن کا سربراہ سول سوسائٹی اور میڈیا سے بھی ارکان لے سکے گا تاہم فوری طور پر فیکٹ فائندنگ کی حتمی تاریخ نہیں دی گئی ہے.

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے وزیراعظم نے یہ فیصلہ مرحوم ارشد شریف کے قتل کے اصل حقائق کے تعین کے لیے کیا ہے، رپورٹس کے مطابق وزیراعظم نے اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کردی ہیں.

کمیشن میں ایسے لوگوں کو شامل کیا جائے جن پر ارشد شریف کے اہلخانہ کو اعتماد حاصل ہو،وزیر اطلاعات کے بیان میں واضح کیا ہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کے جاں بحق ہونے کے معاملے وزیراعظم نے ہائی کورٹ کے جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنانے کا فیصلہ کیا ہے.

واضح رہے گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف نے کینیا کے صدر ولیم روٹو کو فون کیا اور سینئر صحافی ارشد شریف کے انتقال پر پاکستانی عوام اور صحافتی برادری کی جانب سے شدید تشویش کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے واقعے کی غیر جانبدارانہ اور شفاف تحقیقات پر زور دیا،وزیراعظم نے کینیا کے صدر سے درخواست کی کہ ارشد شریف کی میت کی واپسی کے لیے ضابطے کی کارروائی مکمل کی جائے۔

کینیا کے صدر نےواقعے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے یقین دلایا کہ کیس میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے اور تحقیقاتی رپورٹ جلد جاری کی جائے گی۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو یقین دلایا کہ میت کی پاکستان واپسی کا عمل جلد مکمل کیا جائے گا۔

گزشتہ رات سینئر صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی پاکستان بذریعہ دوحہ رووانہ کردیا گیا ہے جو کہ آج رات اسلام آباد ایئرپورٹ پہچے گا.

Comments are closed.