میاں جاوید لطیف کی 27 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور

فائل:فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف کی دس دس ہزار روپے کے مچلکوں کے عوض 27 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پولیس کو لاہور اور پشاور میں درج مقدمات میں گرفتار سے روک دیا ہے۔

عدالت نے سیکرٹری داخلہ کو تمام صوبوں سے وفاقی وزیر کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل منگوانے کا حکم بھی دیا ہے ۔

جسٹس محسن اختر کیانی نے سماعت شروع کی تو وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف اپنے وکیل سردار تیمور اسلم کے ہمراہ عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔

وکیل نے کہا اسی نوعیت کی ایف آئی آر میں اسی عدالت نے ایک آرڈر کر رکھا ہے۔ لاہور اور پشاور کے مقدمات کے لیے حفاظتی ضمانت چاہیے۔ دونوں صوبوں میں مخالف پارٹی کی حکومت ہے اس لیے حفاظتی ضمانت کی استدعا ہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ میاں جاوید لطیف کے حلقے میں 16 اکتوبر کو الیکشن ہے ، یہ وہاں جانا چاہتے ہیں لیکن اس وجہ سے وہاں نہیں جا رہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ملک بھر میں درج مقدمات کی تفصیلات طلب کیں جائیں۔

عدالت نے کہا آپ نے حفاظتی ضمانت کی تو استدعا ہی نہیں کی، صرف تادیبی کاروائی سے روکنے کا کہا ہے۔ عدالت نے میاں جاوید لطیف کے وکیل کو درخواست میں حفاظتی ضمانت لکھنے کی ہدائت کی جس کے بعد دہشت گردی کے دو مقدمات میں دس ہزار کے مچلکوں پر 27 اکتوبر تک حفاظتی ضمانت منظور کرلی

عدالت نے پولیس کو اس عرصہ کے دوران میاں جاوید لطیف کی گرفتاری سے روک دیا اور سیکرٹری داخلہ سے ان کے خلاف درج مقدمات کی تفصیل بھی طلب کر لی۔

Comments are closed.