بجلی کے بڑے بریک ڈاوٴن کے باعث ملک کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی

فائل:فوٹو

اسلام آباد : ملک کے مختلف حصوں میں بجلی کے بڑے بریک ڈاوٴن کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی غائب ہوگئی۔ ملک بھر میں 500 کے وی بجلی کا نظام بیٹھ گیا۔ تاحال وجوہات کا پتہ چلایا جارہا ہے۔

ملک کے بڑے حصے میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ، این ٹی ڈی سی ذرائع کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں پانچ کے وی کا نظام بیٹھ گیا، تاحال وجوہات کا پتہ چلایا جارہاہے۔

وزارت توانائی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ خرابی کے باعث پنجاب کے جنوبی علاقوں میں کئی پاور پلانٹس ٹرپ کرگئے ، پاور پلانٹس ٹرپ کرنے سے ملک کے جنوبی حصے میں بجلی کی ترسیل میں رکاوٹ پیدا ہوگئی ہے۔

اعلامیہ میں کہا ہے کہ وزارت توانائی پوری تندہی سے خرابی کی وجہ کی تفتیش کر رہی ہے، جلد از جلد بجلی کے نظام کو مکمل بحال کر لیاجائے گا۔

این ٹی ڈی سی کے 500 کے وی گرڈ اسٹیشنز سے میپکو کے گرڈز کو بھی بجلی معطل ہے، میپکو کے 132 کے وی کے 127 گرڈ اسٹیشنز کو بجلی کی فراہمی بند ہو گئی ہے۔

جس کے باعث ملتان ،مظفر گڑھ ،ڈی جی خان،رحیم یار خان ، بہاولنگر،بہاولپور،وہاڑی،خانیوال میں بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

دوسری جانب کشمور گڈوتھر مل پاورہاوٴس میں فنی خرابی پیدا ہوگئی، واپڈا ذرائع کا کہنا ہے کہ کشمور گڈو تھرمل پاور ہاوٴس میں فنی خرابی کیباعث 6 یونٹ ٹرپ کرگئے۔

ذرائع نے بتایا کہ کشمورگڈوتھرمل پاورہاوٴس کے 6 یونٹ 832میگاواٹ بجلی پیداکررہیتھے، تمام یونٹ ٹرپ ہو جانے کی وجہ سے بجلی کی پیداوار زیرو ہوگئی۔

واپڈا ذرائع نے کہا ہے کہ سندھ بلوچستان اور پنجاب کو گڈو تھرمل پاور ہاوٴس سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔

ذرائع کے مطابق کشمور، جیکب آباد ، شکار پور، سبی، دادو، راجن پور، رحیم یارخان اور گھوٹکی کو بجلی معطل ہو گئی ہے۔

دوسری جانب میرپور، منگلا پاور ہاوٴس میں تکنیکی خرابی جبکہ کوٹلی ریجن بھی بجلی کی ترسیل معطل ہوگئی ہے۔

Comments are closed.