مریم نواز طارق فاطمی سے پوچھ لیں سائفر ہوتا کیا ہے،فوادچوہدری

فائل :فوٹو

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء فوادچوہدری کاکہناہے کہ رِجیم چینج کا بنیادی مقصد احتساب کا نظام ختم کرنا تھا۔مریم نواز نے بونگی ماری کہ پاکستان میں سائفر آنا بند ہو جائیں گے۔مریم نواز طارق فاطمی سے پوچھ لیں سائفر ہوتا کیا ہے

نیب ترامیم سے متعلق کیس کی سماعت کے بعد سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چودھری کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت کی ترامیم سے پاکستان میں احتساب کا نظام ختم ہوگیا ہے۔ شہباز شریف، مریم نواز، آصف زرداری کے مقدمات کے فیصلے اس بات کی طرف اشارہ ہیں کہ پاکستان میں احتساب کا نظام ختم ہوگیا ہے۔

سابق وزیر اطلاعات نے کہا کہ رِجیم چینج کا بنیادی مقصد احتساب کا نظام ختم کرنا تھا۔مریم نواز نے بونگی ماری کہ پاکستان میں سائفر آنا بند ہو جائیں گے۔

فوادچوہدری نے کہا کہ ہر ایمبیسی میں سائفر ڈیپارٹمنٹ ہیں۔ ہر ایمبیسڈر اپنے ملک کو سائفر بھیجتا ہے۔ مریم نواز طارق فاطمی سے پوچھ لیں سائفر ہوتا کیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آج الیکشن کمیشن نے اسٹیٹ بینک کو عمران خان کے اکاوٴنٹس کے بارے میں لکھا ہے۔ الیکشن کمیشن نے قانون نہیں پڑھا۔ کیس کا فیصلہ محفوظ ہونے کے بعد ایسا نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے فنڈنگ کیس کدھر گئے ؟۔ نواز شریف، زرداری، گیلانی کے توشہ خانہ کیسز کدھر گئے ؟۔ حکومت نے الیکشن کمیشن کو اپنا ماتحت ادارہ بنا لیا ہے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ پاکستان میں سارے جنرل پراسس سے گزر کر آتے ہیں۔ ہمیں نئے لگنے والوں پر اعتراض نہیں، لگانے والوں پر اعتراض ہے۔ تمام مسائل کا حل حقیقی آزادی مارچ ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پورے پاکستان سے 20 سے 25 لاکھ لوگ اسلام آباد پہنچیں گے۔

فوادچوہدری نے کہا کہ آرمی چیف کا ملکی معیشت سے متعلق بیان اچھا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ نے فیصلہ کرنا ہے کہ انہوں نے سیاست میں کتنا حصہ لینا ہے۔

Comments are closed.