ممنوعہ فنڈنگ کیس ،یف آئی اے کا سوالات کے جواب کے لئے عمران خان کو دوبارہ نوٹس بھجوانے کا فیصلہ

فائل فوٹو

اسلام آباد:تحریک انصاف ممنوعہ فنڈنگ کیس تحقیقات میں ایف آئی اے نے سوالات کے جواب کے لئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور سیکرٹری جنرل اسد عمر کو دوبارہ نوٹس بھیجوانے کا فیصلہ کرلیا۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق تین دفعہ نوٹس بھجوانے کے بعد تعاون نہ کرنے کی صورت میں دونوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کئے جائیں گے۔

ایف آئی اے تحقیقات میں پیش رفت بھی ہوئی ہے اور بیرون ملک پاکستان تحریک انصاف کو فنڈنگ کرنے والی مزید پانچ کمپنیوں کا سراغ لگایا گیا ہے، پانچوں کمپنیوں کا الیکشن کمیشن اور ایف بی آر میں جمع کرائے گئے گوشواروں میں ذکر نہیں ہے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق یہ کمپنیاں امریکہ، انگلینڈ، آسٹریلیا، بیلجیئم اور کینیڈا میں سامنے آئی ہیں، جن میں سے کچھ بند ہوگئی ہیں اور کچھ اب بھی فعال ہیں۔ ایف آئی اے نے بند ہونے والی کمپنیوں کی آڈٹ رپورٹس منگوالی ہیں۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سابق وزیراعظم عمران خان نے ایف آئی اے کو فارن فنڈنگ کیس کے نوٹس پر جواب دینے سے انکار کردیاتھا چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ایف آئی اے کو اپنے تحریری جواب میں لکھا کہ میں آپکو جوابدہ ہوں نہ ہی معلومات فراہم کرنے کا پابند البتہ دو دن میں نوٹس واپس نہ لیا تو قانون کے تحت آپ کے خلاف کارروائی کروں گا۔

Comments are closed.