پاک بحریہ نے سمندر میں ڈوبنے والی بھارتی کشتی کے عملے کے 9 افراد کو زندہ بچا لیا

کراچی: پاک بحریہ نے گوادر کے قریب کھلے سمندر میں ڈوبنے والی بھارتی کشتی جمنا ساگر کیلئے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے عملے کے 9 افراد کو زندہ بچا لیا۔

بھارتی کشتی ” جمنا ساگر” 9 اگست کو عملے کے دس افراد کے ہمراہ بحیرہ عرب میں گوادر کے قریب ڈوب گئی تھی، اطلاع ملنے پر پاکستان میری ٹائم انفارمیشن سینٹر نے قریبی بحری جہاز MT KRUIBEKE کو ہدایات دیں کہ ڈوبنے والے بھارتی عملے کی امداد کی جائے۔

بحری جہاز نے عملے کے 9 افراد کو زندہ بچا لیا اور دبئی کی بندر گاہ کی طرف اپنا سفر جاری رکھا جہاں وہ کشتی کے عملے کو اتارے گا۔

پاک بحریہ کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق اسی دوران پاک بحریہ کا ایک جہاز دو ہیلی کاپٹرز کے ہمراہ کھلے سمندر میں پہنچا اور ڈوبنے والے ایک بھارتی شہری کی نعش کو تلاش کیا۔

پاک بحریہ کے عملے نے نعش کو مزید کارروائی کے لیے پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی کے حوالے کیا۔

ترجمان کے مطابق پاک بحریہ کا یہ کامیاب سرچ اور ریسکیو آپریشن سمندر میں انسانی زندگی کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے، بحریہ اپنے پانیوں کے اندر اور باہر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں امداد کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہی ہے۔

Comments are closed.