شہباز گل کے اسسٹنٹ پر پولیس کے ساتھ مزاحمت کرنے پرمقدمہ درج

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کے اسسٹنٹ اظہار پر پولیس کے ساتھ مزاحمت کرنے پر ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔

ملزم شہباز پر مقدمہ تھانہ آبپارہ میں درج کیا گیا ہے، جس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے پولیس کانسٹیبل کی شرٹ پھاڑی اور ایک پولیس کانسٹیبل کا موبائل اور پرس بھی چھین لیا۔ قبل ازیں تھانہ کوہسار کی ٹیم نے ان کے گھر پر چھاپا مارا تھا۔

دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے شہباز گل کے اسسٹنٹ کے گھر پر چھاپے اور وہاں سے ہونے والی گرفتاری سے متعلق جاری بیان میں کہا ہے کہ شہباز گل کے ڈرائیور کے گھر چھاپے اور گرفتاری کا عمل قانونی ہے۔ ڈرائیور کے اہلِ خانہ نے کارِ سرکار میں عملی مزاحمت کی، البتہ اسلام آباد کیپٹل پولیس اس کیس سے جڑے تمام تر شواہد و ثبوت اکٹھے کررہی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاں کہیں بھی قانونی کارروائی کی ضرورت پڑی، پولیس اپنا کام کرے گی اور ضرورت کے تحت کیس کا دائرہ اسلام آباد کے علاوہ دیگر صوبوں تک بھی پھیلایا جاسکتا ہے۔ جو لوگ ثبوت چھپانے یا شواہد مٹانے میں ملوث پائے گئے ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔

بیان میں عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جھوٹی خبروں پر دھیان نہ دیں۔جو لوگ غلط خبریں اور عوام میں اشتعال پھیلا رہے ہیں ان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔ اسلام آباد کیپٹل پولیس قانون کی عملداری یقینی بنائے گی۔

Comments are closed.