پی ٹی آئی کی 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری

اسلام آباد:اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کی 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کرنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کر کے 16 اگست تک جواب طلب کر لیا ہے ۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے 9 حلقوں میں ضمنی الیکشن کا شیڈول جاری کرنے کے خلاف پی ٹی آئی کی متفرق درخواست پر سماعت کی۔ فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ ضمنی الیکشن کا شیڈول معطل کیا جائے۔

عدالت نے استفسار کیا قومی اسمبلی کی نشستیں خالی ہوئیں تو الیکشن کمیشن نے الیکشن کا اعلان کر دیا۔ الیکشن شیڈول معطل کرنے کی قانونی وجہ کیا ہے؟ آپ ایک الیکشن روکنے کی استدعا کر رہے ہیں کوئی قانونی جواز بتائیں۔

فیصل چودھری ایڈووکیٹ نے کہا استعفوں کی مرحلہ وار منظوری کے خلاف درخواست زیر سماعت ہے۔ہم الیکشن لڑنے کیلئے تیار ہیں، چاہتے ہیں کہ تمام 123 حلقوں میں الیکشن کرائیں۔ عدالت نے الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت 16 اگست تک ملتوی کر دی گئی۔

Comments are closed.