پی ٹی آئی 13اکاوئنٹس کی صرف 2کروڑ کی اعلان شدہ ٹرانزکشنز ہیں، فواد چوہدری

فوٹو: فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف کے رہنما کہتے ہیں پی ٹی آئی 13اکاوئنٹس کی صرف 2کروڑ کی اعلان شدہ ٹرانزکشنز ہیں، فواد چوہدری کا کہنا الیکشن کمیشن ان 2کروڑ کا ریکارڈ پہلے ہی جمع کرا چکے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی رہنما فواد چودھری نے کہا ہے کہ انتخابات سے فرار کیلئے امپورٹڈ حکومت، الیکشن کمیشن اور سپیکر آفس سمیت تمام آپشنز کا غلط استعمال میں لا رہی ہے۔ 

فواد چوہدری نے کہا رانا ثناء اللہ کا بیان ن لیگ کی پارٹی پالیسی نہیں ہوتا نہ ہونے پالیسی بیان کا اختیار حاصل ہے ، ان کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اوقات کے مطابق بات کیا کریں، انکی تھانے کے ایس ایچ او سے زیادہ حیثیت نہیں۔

انھوں نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے واضح حکم کے باوجود پی ٹی آئی کی فنڈنگ کا فیصلہ آیا باقی جماعتوں سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں، ان کیلئے رات کو بھی دفتر کھلتے ہیں سیکرٹری دستاویزات شیئر کرتے ہیں۔

فوادچوہدری نے کہا پی ٹی آئی کے جن رہنماوں کو ایف آئی اے کے نوٹسز آئے ہیں یہ غیر قانونی ہیں ایف آئی اے کے پاس ایسا کوئی اختیار نہیں ان کے خلاف عدالت جارہے ہیں عدالت نے تعاون کرنے کاکہا تو تعاون بھی کریں گے۔

انھوں نے کہاکہ رانا ثناء اللہ نے فیصل آباد آنا چھوڑ دیا احتیاط کررہے ہیں لیکن 25مئی کو تشدد کیسز میں ن لیگی رہنماپنجاب پولیس کو مطلوب ہیں امید کرتے ہیں وہ بھی تعاون کریں گے اور اسے صوبہ وفاق محاذ آرائی کا رنگ نہیں دیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پنچاب حکومت نے ماڈل ٹاون قتل عام کو بھی دیکھنا شروع کردیا ہے جہاں 16افراد کو بے دردی سے قتل کردیا گیا تھا لیکن اب تک انھیں انصاف نہیں ملا ہے۔

 فواد چودھری نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت الیکشن سے فرار اس لئے چاہتی ہے کہ اگر الیکشن ہوئے تو عمران خان دو تہائی سیٹیں لے لے گا، عمران خان پاکستان کی مڈل کلاس کو اٹھانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

انھوں نے کہا اس وقت پاکستان کی آزادی اور غلامی میں فرق عمران خان کا ہے، ہر شخص جو آزاد پاکستان دیکھنا چاہتا ہے عمران خان کے ساتھ کھڑا ہو گا۔

پی ٹی آئی رہنما نے واضح کیا کہ فوج کے خلاف سب سے زیادہ ہرزہ سرائی جس شخص نے کی اس کا نام خواجہ آصف ہے اور وہ وزیر دفاع بنا بیٹھا ہے، ن لیگ نے ہمیشہ گندی زبان استعمال کی۔

فواد چوہدری نے کہا ہم جہلم والوں سے زیادہ شہادتوں کا کسے پتہ ہوگا، ہم سے زیادہ شہادتوں کااحترام کرنے والا کوئی نہیں ہے،بیانات کے ریکارڈز چیک کریں پتہ چل جائے گا ۔

انھوں نے کہا ملک کی 80فیصد آبادی عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے ایک طرف ملک بھر کی جماعتیں اور دوسری طرف عمران خان ہے کیا آپ عمران کو مائنس کرکے ایک اتحاد کو لانا چاہتے ہیں، ایسا ممکن ہے؟

فواد چوہدری نے کہا بلوچستان سمیت تین صوبوں میں ہماری حکومت ، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومتیں ہیں ، کیا یہ آپ سب کو نظر نہیں آرہا ، عوام کس کے ساتھ ہیں۔

انھوں نے کہا پہلے سندھ حکومت تحلیل اور چیف الیکشن کمیشن کی چھٹی ہوگی تب ہم صوبوں کی اسمبلیوں پر بات کریں گے ابھی اسمبلیاں ختم کرنے کی باتوں کی کوئی اہمیت نہیں ہے۔

Comments are closed.