مہنگائی کے خلاف احتجاج ،راہول اور پریانکا گاندھی سمیت کئی کانگریس رہنما گرفتار

نئی دہلی: بھارت میں حکومت مخالف مظاہرے کے دوران کانگریس رہنما راہول اور پریانکا گاندھی کو گرفتار کرلیا گیا۔

بھارتی خبر رساں اداروں کے مطابق بھارت میں مودی سرکار کی پالیسیوں اور مہنگائی کے خلاف اپوزیشن جماعت کانگریس کے احتجاج پر پولیس نے دھاوا بول دیا۔ پولیس نے راہول اور پریانکا گاندھی سمیت دیگر رہنماوٴں کو بھی حراست میں لے لیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق کانگریس کے سابق صدر راہول گاندھی ارکان پارلیمان اور پارٹی رہنماوٴں کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاوٴس سے ایوان صدر (راشٹراپتی بھون) تک حکومتی پالیسیوں خصوصا بڑھتی مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کی قیادت کررہے تھے، جہاں پولیس نے انہیں روکنے کی کوشش کی۔

پولیس کی مداخلت کے دوران کانگریس رہنماوٴں نے آگے بڑھنے کی کوشش کی اور اس دوران پولیس کی جانب سے مظاہرین پر لاٹھی چارج شروع کردیا گیا۔ تصادم کے دوران پولیس نے کانگریس کی قیادت سمیت دیگر رہنماوٴں کو حراست میں لے لیا۔

قبل ازیں احتجاج کے دوران راہول گاندھی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں جمہوریت مر چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 70 برس میں بنایا گیا 8 برس میں ختم کردیا گیا۔

راہول گاندھی کا کہنا تھا کہ بڑھتی مہنگائی، بے روزگاری، معاشرے کو تقسیم کرنے کی کوششوں اور دیگر ناقص پالیسیوں پر ایوان میں بحث کرنا چاہتے ہیں، لیکن ہمیں سچ بولنے کی پاداش میں گرفتار کرلیا جاتا ہے۔

Comments are closed.