چوہدری شجاعت بیمار ہیں ان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت محدود ہے، ان سے کاغذ پر انگوٹھا لگوایا گیا،فواد چوہدری
لاہور :پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے طاقتور قوتوں سے کہتا ہوں کہ پاکستان کے ساتھ کھلواڑ نہ کریں۔چوہدری شجاعت بیمار ہیں ان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت محدود ہے، چوہدری شجاعت سے کاغذ پر انگوٹھا لگوایا گیا
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکرنے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا، ملک کے سینئر قانون دان یکسو ہیں کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ آئین کے خلاف ہے، میرا خیال ہے سپریم کورٹ کو ڈپٹی اسپیکر کو توہین عدالت میں طلب کرنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی اسپیکر نے کل ہماری اخلاقیات کا جنازہ نکال کر آئین کو ملیامیٹ کر دیا، ہمارا کوئی پلان بی نہیں ہے لیکن اس نظام کے خلاف عوام میں غصہ اور مایوسی ہے، حمزہ شہباز منتخب وزیراعلیٰ پنجاب نہیں ہیں، انصاف کے لیے سپریم کورٹ آئے ہیں، توقع ہے سپریم کورٹ انصاف فراہم کرے گی، انصاف نہ ملا تو لوگ اپنا راستہ خود نکالیں گے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت کہتے ہیں عمران خان کا امیدوار نہیں چاہیے، چوہدری شجاعت بیمار ہیں ان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت محدود ہے، چوہدری شجاعت سے کاغذ پر انگوٹھا لگوایا گیا۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا یہ ملک زرداری سیاست کا حامل نہیں ہو سکتا، زرداری صاحب کو پنجاب سمیت پاکستان بھر میں نفرت کی نظرسے دیکھا جاتا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نہیں چاہتے کہ ان کو دوبارہ اقتدار دیا جائے لیکن وہ ملک میں شفاف الیکشن کا انعقاد چاہتے ہیں۔
Comments are closed.