ہمیں دیوارسے مت لگاوٴ، اگر دھاندلی دکھائی دی تو چپ نہیں بیٹھیں گے، شیریں مزاری
اسلام آباد:پاکستان تحریک انصاف کی رہنماء ڈاکٹر شیریں مزاری کاکہناہے کہ عوام تحریک انصاف کیساتھ ہیں، ہم تبدیلی سرکار کی امریکی سازش کے کسی منصوبہ ساز کو ووٹ پر ڈاکا نہیں ڈالنے دینگے۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے ڈاکٹر شیریں مزاری نے کہاکہ ہمیں دیوارسے مت لگاوٴ، آزادانہ ومنصفانہ انتخاب چاہتے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ کسی فرد یا ادارے کی جانب سے مداخلت کا شائبہ بھی ہوا تو بھرپور ردعمل دیں گے، لاہور اور ملتان میں جہاں ضرورت ہوئی پرامن احتجاج کا اپنا حق استعمال کریں گے، ملکی معیشت اس ہنگامہ و ہلچل کا بوجھ برداشت نہ کر پائے گی جس کا دروازہ اس دھاندلی سے کھلے گا۔
شیریں مزاری نے کہا کہ تحریک انصاف بارہا چیف الیکشن کمشنر اور مسٹر ایکس اور مسٹروائی دھاندلی پلان ترک کرنے کا کہہ چکی ہے، حمزہ اور مریم کو بھی دھاندلی کرنے سے باز رہنے کا کہا مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی، اگر دھاندلی کی کوششیں دکھائی دیں تو چپ نہیں بیٹھیں گے۔
Comments are closed.