یونیورسٹی کی طالبہ نے تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی
لاہور: یونیورسٹی کی طالبہ نے تیسری منزل سے چھلانگ لگا دی، معجزانہ طور پر بچ گئی، طلبہ نے زخمی حالت میں فوری اسپتال پہنچایا۔
طالبہ نے خود کشی کی کوشش لاہور کی ویمن یونیورسٹی میں کی، فزکس کی طالبہ نے عمارت کی تیسری منزل سے چھلانگ لگائی تاہم وہ معجزانہ طور پر بچ گئی اور زیر علاج ہے۔
طالبہ کے نیچے گرتے ہی دیگر طلبا نے اپنی مدد آپ کے تحت طالبہ کو تشویشناک حالت میں سروسز اسپتال منتقل کردیا۔
اسپتال انتظامیہ کے مطابق حالت تشویشناک ہے اور اسے اسپتال کی میڈیکل آئی سی یو میں رکھا گیا ہے، جہاں اس کی جان بچانے کی کوشش کی جارہی ہے۔
طالبہ کی خود کشی کی کوشش کے حوالے سےیونیورسٹی ترجمان کے بیان میں کہا گیاہے کہ طالبہ کی خود کشی کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی۔
ترجمان کے مطابق اس حوالے سے یونیورسٹی کی جانب سے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے، جو اس بات کا پتہ لگائے گی کہ طالبہ نے یہ انتہائی قدم کیوں اٹھایا۔
طالبہ کے والدین بھی واقعے کی اطلاع ملتے ہی یونیورسٹی پہنچ گئے،پولیس کے مطابق پولیس نے اسپتال پہنچنے والے طالبہ کے والدین کو شامل تفتیش کردیا۔
انہوں نے ابتدائی طور پر بیان دیا ہے کہ ان کا کوئی گھریلو معاملہ ہے جس پر ان کی بیٹی انتہائی پریشان تھی، اور شاید یہی وجہ ہے کہ ان کی بیٹی نے خودکشی کی کوشش کی ۔
طالبہ کی حالت کے بارے میں میڈیا کو ایم ایس سروسزاسپتال ڈاکٹر عامر مفتی نے بتایا کہ کہ طالبہ کو تشويشناک حالت ميں اسپتال لايا گيا، ڈاکٹرز نے فوری طور پر اسے آئی سی یو منتقل کیا۔
انھوں نے کہا کہ طالبہ کی جان بچان کی بھرپور کوشش کررہے ہیں، تیسری منزل سے چھلانگ لگانے والی طالبہ معجزانہ طور پر بچ گئی، اور اب مکمل ہوش میں ہے۔
طالبہ کی حالت خطرے سے باہر ہے،ڈاکٹر عامر مفتی کے مطابق لڑکی کی ٹانگ میں فریکچرآیا ہے، جب کہ جسم کے دیگرحصوں پربھی چوٹیں آئی ہیں۔
Comments are closed.