امریکہ میں ایک ٹرک سے 46 غیر ملکیوں کی لاشیں برآمد

نیویارک: امریکہ میں ایک ٹرک سے 46 غیر ملکیوں کی لاشیں برآمد، 16 افراد زندہ بچ گئے، ٹرک ملنے کا واقعہ امریکی ریاست ٹیکساس کا ہے، پولیس نے 3 افراد کو گرفتار کر لیا۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق تمام لاشیں غیرقانونی طورپر امریکا داخل ہونے والوں کی ہیں۔ شبہ ہے ہیٹ سٹروک اور دم گھٹنے کے باعث ہلاکتیں ہوئیں، سولہ افراد کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

امریکی ریاست ٹیکساس کے شہر سان انتونیو میں ایک لاوارث ٹرک سے 46 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جن کے بارے میں خیال کیا جارہا ہے کہ وہ مہاجرین تھے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آگ بجھانے والے سرکاری اہلکار نے مقامی میڈیا کو بتایا کہ 4 بچوں سمیت 16 افراد زندہ تھے جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔

موقع پر پر موجود اہلکار کے مطابق وہ افراد ہیٹ اسٹروک کا شکار تھے اور گرمی کے باعث نڈھال تھے،ان کے جسم بھی آگ کی طرح گرم تھے۔

شہر کے فائر ڈپارٹمنٹ نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ واقعہ میکسیکو اور امریکا کی سرحد پر انسانی اسمگلنگ کا واقعہ لگتا ہے، ممکن ہے کہ یہ سب بہتر زندگی کے لیے یہاں ہجرت کرکے آئے ہوں۔

شہرکے میئر رون نیرنبرگ نے اس واقعے پر شدید دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اسے بھیانک انسانی المیہ قرار دیا، انہوں نے تصدیق کی کہ مرنے والوں میں پورے پورے خاندان تھے،

آگ بجھانے والے سرکاری اہلکار کے مطابق ہنگامی امداد فراہم کرنے والے اہلکار ایک لاش ملنےکی اطلاع کے بعد اس جگہ پہنچے،انہوں نے وہاں کھڑے مشکوک ٹرک کو کھولا تو اس میں لاشیں دیکھ کر خوفزدہ ہوگئے۔

سان انتونیو کا علاقہ انسانی اسمگلروں کے لیے ایک اہم روٹ تصور کیا جاتا ہے جو امریکا میں بغیر دستاویزات کے داخل ہونے والے تارکین وطن کو ایک جگہ سے دوسری جگہ لے جانے کے لیے بڑے بڑے ٹرکوں کا استعمال کرتے ہیں۔

پولیس نے تین افراد کو حراست میں لے کر تحقیقات کا آغاز کر دیا۔ اس سے قبل 2003 میں بھی امریکا داخل ہوتے ہوئے 19افراد ٹرک میں ہلاک ہو گئے تھے۔

Comments are closed.