مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر پر بغاوت کے 2مقدمات میں فرد جرم عائد

لاہور(ویب ڈیسک )مسلم لیگ ن کے رہنما اور مریم نواز کے شوہر کیپٹن صفدر پر بغاوت کے 2مقدمات میں فرد جرم عائد کردی گئی ، ان کے علاوہ لیگی ایم پی اے عمران خالد پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔

عدالت میں وفاقی وزیر خرم دستگیر، کیپٹن صفدر اور لیگی ایم پی اے سمیت دیگر پہ بغاوت اور کار سرکار میں مداخلت کے مقدمات پر کیس کی سماعت ہوئی، کیپٹن (ر) صفدر اور لیگی ایم پی اے عمران خالد بٹ جوڈیشل مجسٹریٹ محمد اعظم خان کی عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے بغاوت کے مقدمے میں کیپٹن (ر) صفدر اور لیگی ایم پی اے عمران خالد پر فرد جرم عائد کردی، اور شہادت اور استغاثہ کے گواہان کو 20 جون کو طلب کر لیا، جب کہ کارِ سرکار میں مداخلت کے مقدمے میں ملزمان کو 29 جون کو طلب کیاگیاہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عدالت نے فرد عائد جرم کرنے کے بعد کیپٹن (ر) صفدر اور وفاقی وزیر خرم دستگیر کو آئندہ خاصری سے استثناء دے دی، جب کہ حکم دیا کہ سابق ڈپٹی مئیر اور لیگی ایم پی اے عمران خالد ہر پیشی پر پیش ہوں گے۔

واضح رہے کہ 2020 میں مسلم لیگ ن کے رہنما کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایس ایچ او کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، بغاوت کے مقدمے میں ن لیگ کے ایم پی اے عمران خالد بٹ کو بھی نامزد کیا گیا ۔

ایف آئی آر کے مطابق کیپٹن (ر) صفدر نے جمعہ کو عمران خالد بٹ کی رہائش گاہ پر میٹنگ کی تھی جس میں ریاستی اور انتظامی اداروں کے خلاف اشتعال انگیز اور دھمکی آمیز الفاظ استعمال کیے گئے تھے۔

دوسری جانب لاہور کی عدالت نے بھی انتشار انگریز تقاریر اور مریم نواز کی احتساب عدالت پیشی کے موقع پر کارسر میں مداخلت کے مقدمے میں مریم نواز کے شوہر کیپٹن (ر) صفدر پر فرد جرم عائد کردی ہے۔

عدالت کی طرف سے فرد جرم عائد ہونے پر ملزم کیپٹن صفدر نے صحت جرم سے انکار کیا،جوڈیشل مجسٹریٹ نے 10 جون کو مقدمے کے گواہوں کو طلب کر لیایہ کیس تھانہ اسلام پورہ میں انتشار انگریز تقاریر کا مقدمہ درج تھا۔

Comments are closed.