نیوٹرل، ججز ، میڈیا اور وکلا سب کیلئے فیصلہ کن وقت ہے، عمران خان

پشاور(زمینی حقائق ڈاٹ کام )پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان لانگ مارچ روکنے کے حکومتی فیصلے پر ردعمل کہا ہے کہ عدلیہ نے ملک کی جمہوریت کا تحفظ نہ کیا تو اس کی ساکھ ختم ہوجائے گی۔

عمران خان نے پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مجرموں کی کابینہ نے یہ غیر قانونی فیصلہ کیا ہے، بلاول اور مولانا نے ہماری حکومت میں لانگ مارچ کیا ہم نے روکنا تو دور کی بات انہیں سہولیات دیں۔

انھوں نے کہا کہ یہ اداروں کا امتحان ہے، اداروں اور عدلیہ نے ملک کی جمہوریت کا تحفظ نہ کیا اور اس کی اجازت دی تو اس کی ساکھ ختم ہوجائے گی، اس کا مطلب ہوگا یہاں جمہوریت نہیں ہے۔

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف نے کہا کسی کے پاس نیوٹرل رہنے کی گنجائش نہیں، بیچ میں ہونے کا مطلب مجرموں کی مدد کررہے ہیں، ملک تباہی کی طرف گیا تو آپ بھی اتنے ہی ذمہ دار ہوں گے، قوم آپ کی طرف دیکھ رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ آپ پر بھی فیصلہ دیا جائے گا، نیوٹرل، ججز ، میڈیا اور وکلا سب کیلئے فیصلہ کن وقت ہے، عمران خان کا کہنا تھا موجودہ حکومت اور ڈکٹیٹروں میں کوئی فرق نہیں، فاشسٹ حکومت نے گزشتہ رات سے ہمارے خلاف کارروائیاں کی گئیں۔

انھوں نے کہا کہ ہم پرامن احتجاج کررہے ہیں پھر یہ کیوں ہورہا ہے، جسٹس ناصرہ اقبال کے گھر پر چھاپہ ماراگیااور ویڈیو پھیلائی گئی، ایسا صرف مجرموں کی حکومت کرسکتی ہے، حماداظہر کے گھرپرچھاپہ ماراگیا۔

عمران خان نے خدشہ ظاہر کیا کہ پاکستان سری لنکا جیسی صورتحال کی طرف جارہا ہے، کل خیبرپختون خوا سے جلوس لے کر اسلام آباد روانہ ہوں گا، یہ فیصلہ کن موڑ ہے، جو روکنا چاہے وہ روک کر دکھائے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ عوامی سمندر کو کوئی نہیں روک سکتا، نہ پولیس نہ رینجرز اسے روک سکتی ہے، ہم کسی پر حملہ کرنے نہیں آرہے ملک کی ساکھ اور جمہوریت بچانے کیلئے آرہے ہیں ۔

Comments are closed.