اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد نمٹا دی گئی
لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام)اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہیٰ کے خلاف تحریک عدم اعتماد نمٹا دی گئی، مسلم لیگ ن کے ارکان دیر سے پہنچے تب تک چیئرمین پینل تحریک پر کارروائی مکمل کر چکے تھے۔
اجلاس کے دوران چیئرمین پینل نے بار بار محرک کا نام پکارا مگر وہ سامنے نہ آئے جس کے بعد چیئرمین پینل نے ٹیکنیکل بنیاد پر تحریک اعتمادکو مسترد کرکے نمٹا دیا۔
پنجاب اسمبلی کا اجلاس تقریباً9منٹ تک جاری رہا ، تلاوت قرآن پاک کے فوری بعد کارروائی شروع کردی گئی تھی تاہم اس دوران مسلم لیگ ن کے ارکان موجود نہیں تھے وہ جونہی ایوان میں داخل ہوئے اجلاس 6جون تک ملتوی کردیا گیا۔
اس سے قبل پنجاب اسمبلی کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہونے اور ملازمین تک کو داخلے سے روکنے پر پی ٹی آئی کے ارکا ن نے اسمبلی کے باہر دھرنا بھی دیا اور نعرہ بازی کی۔
پرویز الہٰی اپنے حامیوں کے ساتھ پہلے اسمبلی میں داخل ہوگئے تھے جب کہ پی ٹی آئی کے ارکان ٹولیوں کی شکل میں اندر پہنچے ، ن لیگ والے پہلے باہر جمع ہوئے پھر داخل ہوئے تاہم اس دوران کارروائی مکمل ہو گئی۔
اسپیکر پنجاب اسمبلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد نمٹائے جانے کے بعد وہ اپنا عہدہ آپریشنل رکھ سکتے ہیں اور ان کے پاس رولنگ دینے کا اختیار بھی واپس آ گیا ہے جو کہ تحریک عدم اعتماد کے باعث نہیں تھا۔
Comments are closed.