عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو پی ٹی آئی استعفے دے دیگی

فوٹو:فائل

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام)وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کامیاب ہوئی تو پی ٹی آئی اسمبلی سے استعفے دے دیگی، حکمران جماعت باہر کی سازش قرار دے کر قو می اسمبلی میں نئی حکومت کے ساتھ نہیں بیٹھنا چاہتی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں مختلف آپشنز پر غور کیا گیا ، جس میں زیادہ تر آراء یہی آئی ہیں کہ یہ سازش کے تحت پیسہ لگا کر حکومت تبدیل کررہے ہیں تو پھر ان کے ساتھ ایوان میں نہیں بیٹھنا چایئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان اور تحریک انصاف نے تحریک عدم اعتماد کے بعد دیگر آپشنز پر غور کیا ،تحریک عدم اعتماد میں حکومت کو ناکامی حاصل ہونے کے بعد وزیراعظم اسمبلیوں سے استعفے دینے کا کارڈ استعمال کر سکتے ہیں۔

عمران خان کو تجویز دی گئی ہے کہ کرپٹ حکمرانوں کے ساتھ اپوزیشن میں بیٹھنے سے بہتر ہے کہ پی ٹی آئی کے ارکان اور اتحادیوں کی جانب سے اجتماعی استعفے دئیے جائیں اس اقدام کے بعد استعفوں سے نئی حکومت بحران سے دوچار ہو جائے گی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کا یہی موقف ہے کہ اس سازش کو اسی طرح ناکام بنایا جاسکتاہے کیونکہ اتنی سیٹوں پر الیکشن کرانا مشکل ہو گا اور ملک کے معاشی حالات میں اتنے بڑے پیمانے پر ایک سال کیلئے ضمنی انتخابات بھی نہیں ہوسکتے۔

عمران خان نے ایک انٹرویومیں بھی اس خواہش کااظہار کیا تھا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ فوری طور پر الیکشن میں جانا ان کے لیے سود مند ثابت ہو گا،کیونکہ عوام بہتر فیصلہ کر سکتے ہیں کہ نئی صورتحال میں کس کو آگے آنے کاموقع دیا جائے۔

اس وقت قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے ارکان کی تعداد 155 ہے،پی ٹی آئی کے اندر ایک رائے یہ بھی ہے کہ اس صورتحال میں اگر ہم عدم اعتماد میں کامیاب ہوجاتے ہیں توپاکستان کیلئے اچھا ہوگا ہم الیکشن میں چلے جائیں۔

Comments are closed.