عمران خان کو ملک بیچنے سے انکار پر قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے ، فیصل ووڈا
فوٹو: اسکرین گریب
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)عمران خان کو ملک بیچنے سے انکار پر قتل کرنے کی سازش کی جارہی ہے ، فیصل ووڈا کی طرف سے یہ دعویٰ نجی وی کے پروگرام میں کیا گیاہے سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نے کہا ہم اپنے لیڈر کی زندگی کے حوالے سے فکرمند ہیں۔
سابق وفاقی وزیر فیصل واڈا نجی ٹی وی اے آر وائی نیوز کے پروگرام "آف دی ریکارڈ” میں گفتگو کررہے تھے اور ان سے اس خط سے متعلق سوال کیا گیا تھا جس کے جواب میں انھیں وزیراعظم عمران خان کی زندگی کو درپیش خطرہ سے متعلق بات کی ۔
انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا وزیر اعظم عمران خان نے 27 مارچ کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے جلسے میں عوام کو دکھایا تھا اور دعویٰ کیا تھا کہ اس خط میں ان کی حکومت گرانے کے لیے کی گئی غیر ملکی سازش کے ثبوت موجود ہیں۔
پروگرام میں فیصل واڈا کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی جان کو خطرہ ہے لیکن جب یہ پوچھا گیا کہ کیا اس خط میں وزیر اعظم کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کا ذکر بھی کیا گیا ہے تو انہوں نے واضح طور پر کوئی جواب نہیں دیا۔
فیصل واڈا نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی جان کو سخت خطرہ لاحق ہے، انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم کہ آپ کے علم میں خط کا وہ حصہ ہے یا نہیں جس میں سنگین نتائج کے بارے میں بات کی گئی ہے۔
فیصل واڈا نے مزید کہا کہ خط میں عمران خان کو قتل کرنے کا ذکر کیا گیا ہے، فیصل واڈا کے اس بیان پر اینکر کاشف عباسی نے ان کی تصدیق کے لیے ایک مرتبہ پھر پوچھا کہ آپ کہہ رہے ہیں کہ خط میں عمران خان کو قتل کرنے سے متعلق بھی ذکر ہے؟
فیصل واڈا نے کہا کہ خط میں قتل کا تاثر یا دھمکی آمیز لہجہ اپنایا گیا ہے، فیصل واڈا کا اپنے بیان پر غیر واضح اور مبہم تبصرے کے ساتھ کہنا تھا کہ وزیر اعظم کو متعدد بار کہا گیا کہ 27 مارچ کے جلسے میں ڈائس کے سامنے بلٹ پروف شیشہ لگانے کی ضرورت ہے۔
فیصل ووڈا کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے اس سے انکار کیا اور کہا کہ اس کی فکر نہیں کرو، میری موت تب آئے گی جب اللہ چاہے گا،
خط میں واضح طور پر قتل کا ذکر ہے یا اس کا یہ مطلب نکالا گیا ہے، تاہم، فیصل واڈا نے اس کی وضاحت نہیں کی۔
انھوں نے ایک اور سوال کے جواب میں کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے ساتھ ساتھ وزیراعظم عمران کی جان کو بھی خطرہ ہے، یہ صرف ایک خط نہیں ہے، اس طرح کی اور بھی چیزیں ہمارے علم میں ہیں جو ہمارے کے لیے باعث تشویش ہے، آج بھی ابھی عمران خان کو مارنے کی قتل کرنے کی سازش رچائی جا رہی ہے۔
پروگرام میں جب کاشف عباسی نے جب فیصل واڈا سے اصرار کرتے ہوئے پوچھا کہ کیا اس خط میں اس سازش کا ذکر ہے تو اس پر فیصل واڈا نے جواب دیا یہ اس خط سے منسلک ہے، یہ موصول ہونے والا واحد خط نہیں ہے۔
فیصل واڈا نے جواب دیا میں وہی کہہ رہا ہوں جو میں جانتا ہوں، ہمیں اپنے لیڈر کی فکر ہے، عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کی جا رہی ہے،
فیصل واڈا نے مزید کہا کہ عمران خان بہادر شخص ہیں، وہ کبھی اپنا ملک نہیں بیچیں گے، وہ اپنی قوم کا سودا نہیں کریں گے۔
وہ ڈالر نہیں لیں گے، وہ کسی بیرونی طاقت کو اڈوں کے استعمال کی اجازت نہیں دیں گے اور نہ ہی کسی کو جیسا وہ چاہیں ویسا کرنے کی اجازت دیں گے اور اس وقت تک اس کی قیمت حکومت اور اس کی زندگی ہے۔
اس دوران فیصل واڈا نے یہ بھی کہا ہم نے وزیر اعظم سے کہا کہ ان کی جان کو لاحق خطرات ایجنسیوں سے شیئر کریں لیکن عمران خان ایک بہادر شخص ہیں اور وہ اس طرح کی باتوں کو اپنی کمزوری کے طور پر پیش نہیں کرنا چاہتے۔
Comments are closed.