کانگو میں ہیلی کاپٹر گر گیا، 6 پاکستانی افسروں سمیت 8 فوجی شہید
راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وسطی افریقا کے ملک کانگو میں ہیلی کاپٹر گر گیا، 6 پاکستانی افسروں سمیت 8 فوجی شہید ہو گئے، یہ سب اقوام متحدہ کے امن مشن پر تھے۔
آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق
ہیلی کاپٹر پوما ون امن مشن کے دوران کانگو میں گر کر تباہ ہوا جس کی وجوہات ابتدائی طور پر سامنے نہیں آسکیں۔
حادثے میں ہیلی کاپٹر میں سوار تمام فوجی شہید ہوگئے، جن میں لیفٹیننٹ کرنل آصف علی اعوان (پائلٹ)، میجر سعد نعمانی (شریک پائلٹ)، میجر فیضان علی، نائب صوبےدار سمیع اللہ خان (فلائٹ انجیئنئر)، حوالدار محمد اسماعیل (کریئو چیف)، حوالدار جمیل گنر شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستانی ایوی ایشن یونٹ اقوام متحدہ کے امن مشن کیلیے 2011 سے کانگو میں تعینات ہے، پاکستان امن دستوں نے ہمیشہ تنازعات کے شکار علاقوں میں بھرپور کردار ادا کیا.
وزیراعظم عمران خان نے امن مشن پر تعینات پاکستانی فوج کے افسران اور جوانوں کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
چین کی نیوز ایجنسی شنہوا کے مطابق یہ حادثہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر 12 بجے کے قریب پیش آیا۔ حادثے کے بعد ریسکیو آپریشن شروع کردیا گیا.
Comments are closed.