پنجاب اسمبلی تحلیل کا راستہ بند، وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع

فوٹو: فائل

لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام)پنجاب اسمبلی تحلیل کا راستہ بند، وزیراعلیٰ کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع ،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد آگئی،تحریک پر کل 126ارکان نے دستخط کئے ہیں۔

متحدہ اپوزیشن نے مرکز کے بعد پنجاب میں بھی تحریک انصاف کی حکومت کو ہدف بنا لیا، پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن بھی جمع کرادی گئی ہے اس پر بھی 119ارکان کے دستخط شامل ہیں۔

پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضیٰ اور مسلم لیگ ن کے اراکین اسمبلی رانا مشہود ، سمیع اللہ خان ، میاں نصیر اور دیگر اراکین نے وزیراعلیٰ پنجاب کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد اسمبلی میں جمع کرائی۔

اسپیکر چوہدری پرویز الہی کو عدم اعتماد کی تحریک کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا، اسپیکر چوہدری پرویز الہی نے کہا کہ قانونی ضابطے اور اسمبلی قواعد پر مکمل عمل ہوگا، عدم اعتماد کی تحریک پر قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

عدم اعتماد کی تحریک جمع ہونے کے بعد وزیر اعلی عثمان بزدار پنجاب اسمبلی تحلیل نہیں کرسکیں گے اور 14 دن میں اسپیکر پرویز الٰہی اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔

پنجاب اسمبلی میں پی ٹی آئی ارکان کی تعداد 183ہے جبکہ پیپلز پارٹی، ن لیگ اور ق لیگ کو ملا کر بھی مخالف ووٹ182بنتے ہیں تاہم ارکان تو ڑ کر تحریک کامیاب بنائی جاسکتی ہے۔

Comments are closed.