شہباز شریف ، بلاول اورفضل الرحمان بھی سپریم کورٹ پہنچ گئے
اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)شہباز شریف ، بلاول اورفضل الرحمان بھی سپریم کورٹ پہنچ گئے،اس سے قبل حکومت کی طرف آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے معاملے پر سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کیا گیا ۔
مولانا فضل الرحمان کے سپریم کورٹ پہنچنے پر جب ان سے سوال کیاگیا کہ آپ پہلی بار سپریم کورٹ آئے ہیں، جواب میں مولانا کا کہنا تھا کہ میں کئی بار آ چکا ہوں پہلی بار نہیں ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا موقف تھا کہ اپنی آئینی اور قانونی جدوجہد وکلا کے ذریعہ کریں گے، ہم سیاسی بات نہیں کریں گے اس لئے آج قانونی معاملات کیلئے ہی آئے ہیں۔
بلاول بھٹوزرداری کا کہنا تھا ہم پارلیمنٹ کو عدالت کی دہلیز پر نہیں لائے، عدالت سے ہی توقع ہے، سیاسی فیصلے آئین و قانون کے تحت ہوتے ہیں۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی دیگر اپوزیشن رہنماؤں کے ہمراہ سپریم کورٹ آمد کے مناظر@BBhuttoZardari pic.twitter.com/hTzbWQE7tj
— PPP (@MediaCellPPP) March 21, 2022
ہارس ٹریڈنگ کے حوالے سے دائر ریفرنس پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ آرٹیکل 63 اے کے ریفرنس سے ہارس ٹریڈنگ،موقع پرستی،کرپشن کے ڈرامے ختم ہو سکیں گے۔
سوشل میڈیا پر بیان میں فواد چوہدری نے کہا تحریک انصاف سے منحرف ارکان نے اپنی جماعت ہی نہیں ملک کی پیٹھ میں خنجر گھونپا، منحرف ارکان کو سزا دینا اسی طرح اہم ہے جیسے ملک کے غداروں کو دی جاتی ہے۔
اس سے قبل وفاقی حکومت نے منحرف اراکین کے معاملے پر آرٹیکل 63 اے کی تشریح کے لیے صدارتی ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کر دیا ، یہ ریفرنس صدر مملکت کی منظوری کے بعد اٹارنی جنرل نے دائر کیاہے۔
Comments are closed.