تربت میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک

راولپنڈی(زمینی حقائق ڈاٹ کام) بلوچستان کے علاقے تربت میں سکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں 7 دہشت گرد ہلاک ہو گئے، انٹیلی جنس کی بنیاد پر کئے گئے آپریشن کے دوران دہشتگردوں نے فائرنگ کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق تربت کے مضافاتی علاقے گورچوپ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا گیا اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں کمانڈر سمیت 7 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے اعلانیہ کے مطابق بعد میں علاقے میں کلیئرنس آپریشن کیا گیا اس دوران دہشت گردوں نے اپنے کیمپ سے فرار کی کوشش میں فورسز پر فائرنگ کردی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق سکیورٹی فورسز کی جوابی فائرنگ کے نتیجے میں کمانڈر حاصل ڈوڈو اور واشدل سمیت 7 دہشت گرد مارے گئے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق دہشت گرد مکران میں سیکیورٹی فورسز پر حالیہ حملوں میں ملوث تھے، مارے گئے دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔

دوسری طرف گزشتہ روز سبی میں خودکش حملے میں 7 افراد شہید اور 20 سے زائد زخمی ہوگئے، جاں بحق افراد میں زیادہ تر سیکیورٹی فورسز کے اہلکار تھے.

پولیس کے مطابق زخميوں کو سول اسپتال سبی منتقل کیا گیا جہاں سے ابتدائی طبی امداد کے بعد شدید زخمیوں کو کوئٹہ منتقل کردیا گیا.

واضح رہے کہ دھماکے کی جگہ سے 15 منٹ پہلے صدر مملکت عارف علوی کا قافلہ گزرا تھا۔ صدر مملکت تاریخی میلے کی اختتامی تقریب میں شرکت کے لئے سبی میں موجود تھے۔

ڈی ایس پی رانا خورشید کے مطابق دھماکا خودکش تھا جس میں صدر مملکت کے قافلے کے روٹ پر تعینات ایف سی اور پولیس اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا، بیس سے زائد زخمیوں میں اکثریت پولیس اور ایف سی اہلکاروں کی ہیں۔

Comments are closed.