اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد بری طرح ناکام ہوگی، شفقت محمود
لاہور( زمینی حقائق ڈاٹ کام)مولانا نے48کا کہا تھا 72گھنٹے گزر گئے، کدھر ہے تحریک عدم اعتماد؟فوادچوہدری کہتے ہیں کہ ان کے گلے سوکھ گئے یہ کہتے کہتے کہ اگلے 24 گھنٹوں میں تحریک عدم اعتماد آرہی ہے۔
لاہور میں وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمٰن کا چہرہ اترا ہوا ہے، ان کے اعتماد کا اندازہ ان کا چہرہ دیکھ کر ہوگیا ہے، لیکن عدم اعتماد کا کوئی اتا پتا نہیں ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا کہ میں نے پہلے بھی عرض کیا تھا کہ ان کی اتنی ہمت نہیں ہے کہ یہ عدم اعتماد لاسکیں، مولانا فضل الرحمٰن کے بیرونی طاقتوں سے تعلقات کسی سے ڈھکے چھپے نہیں ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم صرف یہ چاہتے ہیں کہ وہ میچ کے بعد پنڈی پہنچیں کیونکہ پاکستان میں 24 سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ بحال ہو رہی ہے جسے متاثر نہیں ہونا چاہیے تاہم بلاول بھٹو اس دوران بھی آ جائیں تو ہم راولپنڈی میں خوش آمدید کہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں حکومت مضبوط کھڑی ہے، اتحادیوں کا بھی شکریہ، وہ بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے،جہانگیر ترین سے رابطہ ہواہے لیکن صرف ان کی صحت کے حوالے سے وہ اسپتال سے واپس گھر آگئے ہیں۔
فواد چوہدری نے کہا کہ اس تاثر کو مسترد کرنا چاہتا ہوں کہ پاکستان کے مغربی بلاک سے تعلقات خراب ہوگئے ہیں، وزیر اعظم جلد یورپ کا دررہ کرنے جارہے ہیں، عمران خان اس وقت پاکستان اور مسلم امہ کے لیڈر ہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ 22مارچ کو طویل عرصے بعد پاکستان میں او آئی سی کی اسلامی سربراہی کانفرنس کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہونے جارہا ہے، 29 وزرائے خارجہ کی اس اجلاس میں شرکت کی تصدیق ہوچکی ہے۔
فواد چوہدری کا کہن تھاکہ پہلی بار ایسا ہوگا کہ 23 مارچ کو پوری اسلامی امہ سمیت یورپی وزرائے خارجہ پاکستان کے ساتھ کھڑے ہوں گے، ہم ایک متوازن پالیسی پر یقین رکھتے ہیں، روس ۔ یوکرین تنازع پر ہمارا موقف واضح ہے۔
انھوں نے کہا کہ یہ سب جانتے ہیں کہ عمران خان نے کبھی فوجی حل کی حمایت نہیں کی، ہم اقوام متحدہ میں بھی کہہ چکے ہیں کہ جنگ ختم ہونی چاہیے اور مذاکرات سے حل نکلنا چاہیے۔
وزیر اطلاعات نے کہا تاریخ میں پہلی بار پاکستان کی خارجہ پالیسی پاکستان کے اندر بن رہی ہے، عمران خان واحد وزیر اعظم ہیں جن کے پیچھے فوج اور عام آدمی دونوں کھڑے ہیں، ہمارے روس جانے سے صرف ان کو پریشانی ہے جن کے مے فیئر میں گھر ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ کل بھی پشاور سانحے کو اوپر جو ٹوئٹس بھارت سے کی جارہی تھیں ان میں ساتھ آسٹریلین کرکٹ بورڈ کو ٹیگ کیا جارہا تھا، افسوس کے ساتھ کہنا پڑے گا کہ بھارت کی حکومت نے اپنے شہریوں کو بھی ذہنی طور پر یرغمال بنایا ہوا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیکا ایکٹ میں ترامیم ہم نے اسی لیے کی تھیں تاکہ اس طرح کی مہمات نہ ہوں جو کل دھماکے کے بعد دیکھنے میں آئیں، پشاور سانحے کے بعد جس طرح کی مہمات سامنے آئیں یہ پاکستان کے خلاف بڑی سازش کا حصہ ہیں۔
اس موقع پروزیرتعلیم نے کہا اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد بری طرح ناکام ہوگی، شفقت محمود نے کہا جن لوگوں کی جائیداد بیرون ملک پڑی ہو وہ آزادانہ خارجہ پالیسی کس طرح چلا سکتے ہیں؟
شفقت محمود نے کہا کہ اپوزیشن کی ساری کوششیں ناکام ہوں گی، ان کی ساری جماعتیں علاقائی ہیں، پی ٹی آئی پاکستان کی واحد وفاقی پارٹی ہے، جس طرح کی مہم یہ چلا رہے ہیں اس پر انہیں خود شرمندگی ہونی چاہیے۔
Comments are closed.