آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی فضائیہ کے کمانڈر کی ملاقات
راولپنڈی( ویب ڈیسک )آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ایرانی فضائیہ کے کمانڈر کی ملاقات ہوئی ہے جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی پر تبادلہ خیال کیاگیا۔
آئی ایس پی آر سے جاری اعلامیہ کے مطابق ایران کی فضائیہ کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل پائلٹ حامد واحدی نے راولپنڈی میں جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان اپنے ہمسائیوں سے پرامن اور قریبی تعلقات چاہتا ہے۔
اس موقع پر جنرل قمر جاوید باجوہ نے علاقائی استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا جبکہ دونوں جانب سے دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔
ایران کی فضائیہ کے کمانڈر نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کا اعتراف کیا اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات کے دوران ایرانی فضائیہ کے کمانڈر نے افغان صورتحال میں پاکستان کے کردار اور بارڈر مینجمنٹ کے موثر اقدامات کو بھی سراہا۔
Comments are closed.