آپ کیساتھ ہیں، اپوزیشن کی آفرز ٹھکرا دیں، چوہدری برادران کی وزیراعظم کو یقین دہانی
لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) وزیراعظم عمران خان کی چوہدری برادران سے ملاقات ہوئی ہے، چوہدری برادران کی وزیر اعظم کو آخری وقت تک ساتھ دینے کی یقین دہانی، اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر بھی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔
وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وفاقی وزراء کے ہمراہ آج چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرنے لاہور میں ان کی رہائش گاہ ظہور الٰہی پیلس کا دورہ کیا اور چوہدری برادران سے 30 منٹ سے زائد وقت تک ملاقات کی۔
ذرائع کے مطابق چوہدری برادران نے وزیراعظم سے گفتگو میں کہا کہ آخری وقت تک حکومت کا ساتھ دیں گے، عدم اعتماد کی تحریک آئی تو ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ چوہدری شجاعت حسین کا کہنا ہے کہ اپوزیشن والے اپنا شوق پورا کرلیں۔
ملاقات میں وزیراعظم سے گفتگو میں کہا گیا کہ آپ کیساتھ ہیں، اپوزیشن کی آفرز ٹھکرا دیں، چوہدری برادران کی وزیراعظم کو یقین دہانی، وزیراعظم عمران خان کو اپوزیشن کی آفرز سے متعلق بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ تمام آفرز ٹھکرادی ہیں ۔
خیال رہے کہ چوہدری شجاعت حسین، چوہدری پرویز الٰہی سے آصف زرداری، شہباز شریف اور مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی تھی، جس میں وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کی حمایت کی درخواست اور مختلف پیشکشیں کی گئی تھیں۔
چوہدری شجاعت حسين نے وزیراعظم سے کہا مہنگائی نے عوام کا جینا دوبھر کر رکھا ہے اس پر بھی کچھ سوچیں، جس پر وزيراعظم کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی روک تھام کیلئے ہی پیٹرول، ڈیزل اور بجلی کی قیمتوں کو کم کیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم نے روس اور چین کے دوروں کے بارے میں بھی چوہدری برادران کو آگاہ کیا، جس پر دونوں رہنماؤں نے ان دونوں ممالک ہمارے لئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں، چوہدری شجاعت حسین کا کہنا تھا کہ آپ کے دورے کے دور رس نتائج برآمد ہونگے۔
چوہدری شجاعت حسین نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا، جس کے بعد وزیراعظم اور حکومتی اتحادیوں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی، چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی میں قانون سازی سے بھی آگاہ کیا.
اس سے قبل لاہور میں چوہدری برادران کی رہائش گاہ آمد پر وزیراعظم عمران خان کا پرویز الہٰی، راسخ الہٰی اور شافع حسین نے استقبال کیا، وفاقی وزراء میں سے فواد چوہدری، خسرو بختیار، شفقت محمود، حماد اظہر، عامر ڈوگر اور عبدالرزاق داؤد ملاقات میں شریک ہوئے۔
مسلم لیگ ق لیگ کے سالک حسین، حسین الہٰی، شافع حسین، راسخ الہٰی، منتہا اشرف اور محمد خان بھٹی ملاقات کے موقع پر موجود تھے۔
Comments are closed.