وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی نااہل قرار

فوٹو : فائل

اسلام آباد(زمینی حقائق ڈاٹ کام)وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کے بھائی نااہل قرار دے دئیے گئے، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی امیدوار کو انتخابی میدان سے باہر کر دیا۔

ڈی آئی خان میں تحریک انصاف کو بڑا دھچکا لگا ہے جہاں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے بھائی عمر امین کو نااہل قرار دے دیا۔

اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے تین رکنی بنچ نے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کیخلاف ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کے کیس کی سماعت کی۔

عمر امین گنڈاپور مئیر ڈیرہ اسماعیل خان کے امیدوار تھے ، علی امین گنڈا پور نے الیکشن کمیشن سے ضلع بدر نہ کرنے کی درخواست کی تھی۔

الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو ڈیرہ اسماعیل خان میں داخل ہونے کی اجازت دیتے ہوئے ان کے بھائی عمر امین کو انتخابی دوڑ میں نااہل قرار دے دیا۔

الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو عوامی اجتماعات سے خطاب سے روک دیا جس کے باعث وہ کسی سیاسی سرگرمی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

واضح رہے کہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر الیکشن کمیشن نے علی امین گنڈاپور کو ضلع بدر کرتے ہوئے 50 ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی تھی، جس کے خلاف انہوں نے اپیل دائر کی تھی۔

Comments are closed.