سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک کی حالت تشویشناک

فوٹو: فیس بک

اسلام آباد( زمینی حقائق ڈاٹ کام) سابق وفاقی وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک کی حالت تشویشناک، اسلام آباد کے ہسپتال میں زیر علاج اور وینٹی لیٹر پر ہیں۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما رحمان ملک گزشتہ 10 روز سے شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں زیر علاج ہیں جہاں طبیعت زیادہ بگڑنے پر 2 روز قبل انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔

رحمان ملک کی بیماری کے حوالے سے خاندانی ذرائع کا کہناہے کہ وہ کورونا وائرس کا شکار ہوئے تھے جس کے باعث ان کے پھیپھڑے شدید متاثر ہوگئے تھے اور ریکوری میں مشکلات آرہی ہیں۔

بتا یا گیاہے کہ رحمان ملک گزشتہ پندرہ دن سے صحت کے مسائل سے دو چار ہیں اور ابتدائی طور پر انھیں سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا تھا تاہم وقت کے ساتھ ساتھ بیماری بڑھتی گئی۔

ڈاکٹرز نے ان کے تمام متعلقہ ٹیسٹ کیے ہیں اور میڈیکل رپورٹس آنے کے بعد مشاورت سے انہیں آئی سی یو منتقل کیا گیا ،سابق وزیر داخلہ رحمان ملک کے اہلِ خانہ نے ان کی صحتیابی کے لیے عوام سے دعاؤں کی اپیل بھی کی۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے رحمٰن ملک کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے، آصف زرداری
نے رحمٰن ملک کے لیے جلد صحت یابی کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے گلدستہ بھی بھجوایا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، وفاقی وزیر بحری امور علی زیدی اور اپوزیشن لیڈر شہباز شریف سمیت کئی رہنما دو بار کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر صحت یاب ہوچکے ہیں۔

ان کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے دیگر کئی رہنما سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، احسن اقبال، پارٹی کی نائب صدر مریم نواز اور حمزہ شہباز اور پیپلز پارٹی کے سعید غنی سمیت کئی رہنما کورونا وائرس کا شکار ہو کر صحت یاب ہوئے ہیں۔

Comments are closed.