سانحہ مری میں غفلت پرڈی سی پنڈی، اے سی مری سمیت کئی افسر معطل

لاہور(زمینی حقائق ڈاٹ کام) سانحہ مری میں غفلت پرڈی سی پنڈی، اے سی مری سمیت کئی افسر معطل کردیئے گئے ہیں،راولپنڈی کے سٹی پولیس آفیسر بھی معطل ہونے والوں میں شامل ہیں

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ مری میں سیاحوں کی ہلاکتوں کی تحقیقات مکمل ہونے کے بعد اسسٹنٹ کمشنر مری اور راولپنڈی کے سٹی پولیس آفیسر، ڈپٹی کمشنر، چیف ٹریفک آفیسر سمیت کئی اعلیٰ افسران کو عہدے سے ہٹا دیاہے.

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ تحقیقاتی کمیٹی کی سفارشات پر 15 افسران کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے، عثمان بزدار نے کہا کہ ’سانحہ مری بہت بڑا واقعہ ہے، انکوائری رپورٹ کے مطابق غفلت، کوتاہیوں کی نشاندہی کی گئی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ ہم نے قوم سے سانحہ مری کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا وعدہ کیا تھا۔ قوم سے کیا گیا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ اے ایس پی اور اے سی مری کو عہدے سے ہٹا دیا گیا.

سی پی او، کمشنر، ڈپٹی کمشنر، سی ٹی او راولپنڈی کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، ڈی ایس پی ٹریفک مری، ایس پی ہائی وے سرکل، ڈویژنل فاریسٹ آفیسر مری کو بھی عہدے سے ہٹایا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر مری،انچار ج مری ریسکیو 1122 اور ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے پنجاب کو بھی معطل کر دیا گیا ہے۔ ان تمام افسران کو انضباطی کارروائی کا سامنا کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ کمیٹی نے پس پردہ حقائق کا جائزہ لیا، متعلقہ افسران اپنے فرائض انجام دینے سے قاصر رہے، افسران کو ہٹا کر ان کے خلاف انضباطی کارروائی کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا ک سانحہ کی وجوہات اور ذمہ داروں کا تعین کرنے کے لیے ایک ہائی لیول انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی، جس کی سربراہی ایڈیشنل چیف سیکریٹری ہوم کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ 9جنوری کو سیاحتی مقام مری میں شدید برف باری کے باعث ہزاروں افراد سڑکوں پر پھنس کر رہ گئے تھے اور اس دوران شدید سردی اور گاڑیوں میں دم گھٹنے سے 23 افراد جاں بحق ہو گئے تھے۔

Comments are closed.